پاکستان نے پہلے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں سری لنکا کو چھ وکٹوں سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں ایک، صفر سے برتری حاصل کر لی ہے۔
ہفتہ کو ڈمبولا میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے پچاس اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 255 رنز بنائے۔
پاکستان نے یہ ہدف 45.2 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
مہمان ٹیم کی طرف سے محمد حفیظ شاندار سینچری کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ انھوں نے چار چھکوں اور دس چوکوں کی مدد سے 103 رنز بنائے۔
شعیب ملک نے دو چھکوں اور چار چوکوں کے ساتھ 55 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
سری لنکا کی طرف سے لکمل، پریرا، میتھیوز اور دلشان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں مہمان باؤلروں نے ابتدائی طور پر سری لنکن ٹیم کو جم کر نہ کھیلنے دیا اور 118 رنز کے عوض ان کے چار اہم بلے بازوں کو پویلین واپس بھیج دیا۔
پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی پریرا تھے جو 26 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ تھریمانے 23 رنز ہی بنا سکے۔
جارحانہ انداز رکھنے والے تجربہ کار بلے باز دلشان 38 اور تھرنگا 20 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
کپتان میتھیوز کے ساتھ مل کر چندی مل نے اپنی ٹیم کو سنبھالا دیا لیکن 38 رنز کے عوض یاسر شاہ نے کپتان کو بھی پویلین کی راہ دکھائی۔
میزبان ٹیم کی طرف سے چندی مل 65 رنز کی ناقابل تسخیر اننگز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔
پاکستان کے محمد حفیظ نے چار، راحت علی نے دو جب کہ انور علی اور یاسر شاہ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
سیریز کا دوسرا میچ 15 جولائی کو پالیکیلے میں کھیلا جائے گا۔
2017ء میں برطانیہ میں ہونے والی چیمپیئنز ٹرافی ٹورنامنٹ تک رسائی کے لیے پاکستان کا پانچ ایک روزہ میچوں کی یہ سیریز جیتنا بہت ضروری ہے۔