رسائی کے لنکس

امریکہ میں سخت سردی، نیویارک میں برفانی طوفان سے 7 ہلاک


حکام کے مطابق برفانی طوفان کے باعث ریاست کے مغربی علاقوں میں صرف منگل کی شب پانچ فٹ تک برف پڑی ہے۔

امریکہ کی ریاست نیویارک میں ریکارڈ برفباری کے نتیجے میں معمولاتِ زندگی مفلوج ہوگئے ہیں جب کہ مختلف حادثات میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد سات ہو گئی ہے۔

حکام کے مطابق برفانی طوفان کے باعث ریاست کے مغربی علاقوں میں صرف منگل کی شب پانچ فٹ تک برف پڑی ہے۔

برفباری سے متاثرہ علاقے کے ایک اعلیٰ انتظامی اہلکار رچرڈ ٹوب نے ذرائع ابلاغ کو بتایا ہے کہ منگل کی شب برف باری کے بعد بدھ کو کچھ دیر کے لیے سورج طلوع ہوا تھا لیکن علاقے میں درجہ حرارت بدستور نقطۂ انجماد سے نیچے ہے۔

محکمۂ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ برفانی طوفان بدستور علاقے میں موجود ہے جس کے باعث علاقے میں بدھ کی شب مزید تین فٹ تک برف پڑنے کا امکان ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ طوفان کے باعث ریاست کے مغربی علاقوں میں حالیہ تین روز کے دوران جتنی برف پڑنے کا امکان ہے وہ پورے سال ہونے والی معمول کی برف باری کے برابر ہے۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز کے مطابق برف باری سے ریاست کا شہر بفلو اور اس کے نواحی علاقے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔

نیویارک کے گورنر اینڈریو کوامو نے ریاست کی 10 کاؤنٹیز میں ہنگامی حالت نافذ کردی ہے جہاں طوفان سے نبٹنے میں مقامی افراد کی مدد کے لیے 'نیشنل گارڈز' کو طلب کرلیا گیا ہے۔

برف باری کے باعث مغربی نیویارک کی کئی سڑکوں کو ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے جب کہ نیویارک اسٹیٹ تھرو وے نامی مرکزی شاہراہ کا جھیل ایری اور جھیل اونٹاریو سے منسلک 140 میل طویل حصہ بھی بند کردیا گیا ہے۔

ریاستی انتظامیہ کے اہلکاروں کے مطابق برفباری کے باعث مختلف حادثات میں اب تک پانچ افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

حکام کے مطابق مرنے والوں میں سے ایک 46 سالہ شخص کی لاش اس کی کار سے برآمد ہوئی ہے جو 15 فٹ برف کےنیچے دبی ہوئی تھی۔ ایک شخص ٹریفک حادثے میں ہلاک ہوا ہے جب کہ دیگر تین افراد کا شدید سردی کے باعث مختلف بیماریوں کےنتیجے میں انتقال ہوا ہے۔

یاد رہے کہ ان دنوں امریکہ کی تمام 50 ریاستیں شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں اور منگل کو تمام ریاستوں میں درجۂ حرارت نقطۂ انجماد سے نیچے گرگیا تھا۔

امریکی محکمۂ موسمیات کےمطابق 1976ء کے بعد سے اب تک امریکہ میں یہ سب سے سرد ماہِ نومبر ہے۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق امریکہ میں عموماً اتنی سخت سردی دسمبر کے آخری دنوں سے فروری تک پڑتی ہے۔

XS
SM
MD
LG