رسائی کے لنکس

سیلاب متاثرین علاقوں میں وبائی امراض سے ہزاروں افراد متاثر، امداد کے لیے احتجاج

سندھ کے سیلاب زدہ علاقوں میں وبائی امراض تیزی سے پھیلنے لگے۔ رپورٹس کے مطابق وبائی امراض کے سبب اب تک 12 ہزار افراد کو سانس، سینے اور دمے کے عوارض کے ادویہ فراہم کی گئی ہیں۔ دوسری جانب سندھ کے سیلاب زدہ علاقوں میں امداد نہ ملنے پر احتجاج اور مظاہرے کیے جا رہے ہیں۔

21:03 11.9.2022

سندھ: کسانوں کو ساڑھے تین ارب کا نقصان

وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ صوبے کے سیلاب زدہ علاقوں سے پانی نکالنے میں تین سے چھ ماہ لگ سکتے ہیں۔

کراچی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ میں کسانوں کو تقریباً تین ارب 50 کروڑ کا نقصان ہوا ہے جب کہ ان کے بقول سیلاب سے لائیو اسٹاک کا اربوں روپے کا نقصان ہواہے۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ مون سون بارش اور اس کے نتیجے میں آنے والے سیلاب سے رواں سال 14 جون سے نو ستمبر کے درمیان ملک بھر میں ایک ہزار 396 افراد ہلاک اور 12 ہزار 728 زخمی ہوئے جب کہ 3 کروڑ سے زیادہ افراد بے گھر ہوئے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے پوری دنیا کو ایک ہونا ہو گا۔

13:00 12.9.2022

سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے آسٹریلوی کرکٹ بورڈ کی اپیل

کرکٹ آسٹریلیا نے پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ افراد کی امداد کے لیے عطیات کی اپیل کی ہے۔

پیر کو ایک ٹویٹ میں کرکٹ آسٹریلیا نے کہا کہ پاکستان میں حالیہ بارشوں کے بعد پیدا ہونے والی سیلاب کی صورتِ حال کے نتیجے میں تین کروڑ سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں۔

کرکٹ آسٹریلیا نے ایک لنک بھی شیئر کیا ہے جس میں لوگوں سے عطیات جمع کرانے کی اپیل کی ہے۔

14:03 12.9.2022

کراچی میں تین روز شدید گرمی کے بعد موسلا دھار بارش

پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں تین روز کی شدید گرمی کے بعد پیر کو موسلا دھار بارش ہوئی ہے جس کے بعد موسم خوش گوار ہو گیا ہے۔

گزشتہ تین روز سے کراچی میں درجہ حرارت لگ بھگ40 ڈگری سینٹی گریڈ اور حبس کا عالم تھا۔ تاہم پیر کو دن میں بارش کے بعد موسم خوش گوار ہو گیا ہے۔

محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ صوبۂ سندھ کے بیشتر علاقوں میں آئندہ 48 گھنٹے کے دوران موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے تاہم کراچی، حیدر آباد، سکھر اور میرپور خاص ڈویژن میں کہیں کہیں مزید بارش کا امکان موجود ہے۔

20:15 12.9.2022

امریکہ سے دو جہاز سیلاب متاثرین کے لیے 70 ٹن امدادی سامان لے کر سکھر پہنچ گئے

پاکستان کے شہر سکھر میں چین کی حکومت کی طرف سے قائم کردہ عارضی خیمہ بستی (اے پی)
پاکستان کے شہر سکھر میں چین کی حکومت کی طرف سے قائم کردہ عارضی خیمہ بستی (اے پی)

امریکہ کے دو فوجی جہاز کئی ٹن امدادی سامان لے کر پاکستان کے صوبہ سندھ میں پہنچ گئے ہیں تاکہ متاثرین سیلاب کی مدد کی جا سکے۔ سندھ حالیہ مون سون بارشوں کے بعد ہلاکت خیز سیلاب سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے علاقوں میں شامل ہے۔

پاکستان میں سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان سیف اللہ نے بتایا ہے کہ امریکہ کی طرف سے آنے والے ہر جہاز میں تقریباً 35 ٹن امدادی سامان موجود تھا جو اس صوبے میں عالمی ادارہ خوراک کے ذریعے تقسیم کیا جائے گا۔ امدادی سامان لے کر پاکستان پہنچنے والے جہاز سکھر ائر پورٹ اترے اور ترجمان کے مطابق امریکہ کی جانب سے جو امدادی آپریشن گزشتہ جمعرات کو شروع ہوا وہ 16 ستمبر تک جاری رہے گا۔

ماہرین پاکستان میں حالیہ غیر معمولی بارشوں اور سیلاب کی وجہ ماحولیاتی تبدیلیوں کو قرار دیتے ہیں۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوتریس نے بھی گزشتہ ہفتے پاکستان کے دورے کے دوران دنیا کے ممالک پر زور دیا تھا کہ وہ ماحولیاتی خطرات سے غفلت نہ برتیں۔ انہوں نے عالمی برادری سے کہا تھا کہ وہ پاکستان کو بڑے پیمانے پر امداد فراہم کرے۔

سول ایوی ایشن کے ترجمان سیف اللہ نے بتایا ہے کہ متحدہ عرب امارات سے بھی دو جہاز امدادی سامان لے کر کراچی پہنچ گئے ہیں۔ حکام نے بتایا ہے کہ اقوام متحدہ کے اداروں اور دیگر کئی ممالک نے پاکستان میں سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سامان بھجوایا ہے لیکن متحدہ عرب امارات نے سب سے زیادہ امداد فراہم کی ہے۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG