رسائی کے لنکس

آسٹریلیا: جنگلات میں لگی آگ بجھانے کے دوران دو فائر فائٹر ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

آسٹریلیا کی ریاست نیو ساؤتھ ویلز کے جنگلات میں کئی روز سے لگی آگ بجھانے میں مصروف دو فائر فائٹرز ہلاک ہو گئے ہیں۔

خبر رساں ادارے'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق آگ بجھانے کے عمل کے دوران 32 سالہ جیفری کیٹن اور 36 سالہ اینڈیو او ڈایئر ہلاک ہوئے۔ دونوں سڈنی کے جنوب مغربی علاقوں میں آگ بجھانے کے عمل میں شریک ٹرک کانوائے میں شامل تھے۔

رپورٹس کے مطابق ایک درخت ان کے ٹرک پر گرا جس سے وہ بے قابو ہو کر الٹ گیا۔ حادثے میں دونوں فائر فائٹرز موقع پر ہلاک ہو گئے جبکہ تین زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔

تعطیلات منسوخ، وزیر اعظم کا وطن واپسی کا اعلان

واقعے کے بعد آسٹریلیا کے وزیر اعظم اسکاٹ موریسن نے اپنی تعطیلات منسوخ کر کے ہفتے کو وطن واپسی کا اعلان کیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ہفتے کے اختتام پر آسٹریلیا میں گرمی کی شدت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔ چند روز قبل آسٹریلیا میں ریکارڈ گرمی پڑی تھی اور درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر گیا تھا۔

حکام کے مطابق گرمی کی شدت میں اضافے کے باعث جنگلات میں بھڑکتی آگ مزید شدت اختیار کر رہی ہے۔

موسم بہتر نہ ہونے تک آگ بجھانا ممکن نہیں

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جب تک موسم بہتر نہیں ہوتا۔ جنگلات میں لگی آگ بجھانا ممکن نہیں ہے۔

آسٹریلیا کے وزیر اعظم اور فائر سروس کمشنر نے دونوں فائر فائٹرز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے بہادری اور ہمت کی بہترین مثال قائم کی ہے۔

فائر سروس حکام کا کہنا ہے کہ جنوب مغربی آسٹریلیا میں آگ لگنے سے 40 سے زائد گھر تباہ ہو چکے ہیں۔

سڈتی سمیت آسٹریلیا کے مختلف شہر شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔
سڈتی سمیت آسٹریلیا کے مختلف شہر شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔

نیو ساؤتھ ویلز انتظامیہ نے سات روز کے لیے ہنگامی صورتِ حال نافذ کر دی ہے۔ فائر سروس کے لگ بھگ دو ہزار سے زائد کارکن 100 مقامات پر لگی آگ بجھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

74 لاکھ ایکڑ رقبے پر موجود جنگلات تباہ

حکام کے مطابق حالیہ آگ کے نتیجے میں ملک بھر میں 74 لاکھ ایکڑ رقبے پر موجود جنگلات جل کر خاکستر ہو گئے ہیں۔ مختلف واقعات میں چھ افراد ہلاک جبکہ مجموعی طور پر 800 گھر تباہ ہوئے ہیں۔

آسٹریلیا کے مختلف شہروں میں شدید گرمی پڑ رہی ہے۔ جمعے کو ایڈیلیڈ کا درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ، میلبورن میں 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

رواں سال بھڑکنے والی جنگلات کی آگ کو بعض ماہرین ماحولیاتی تبدیلیوں کا شاخسانہ قرار دے رہے ہیں۔

وزیر اعظم کے گھر کے باہر احتجاج

جمعرات کو سڈنی میں آسٹریلوی وزیر اعظم کی رہائش گاہ کے باہر احتجاج بھی کیا گیا۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ حکومت ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے ہنگامی اقدامات کرے۔

آسٹریلیا کے وزیر اعظم کو اس صورتِ حال میں چھٹیاں منانے ہوائی جانے کے باعث شدید تنقید کا بھی سامنا ہے۔ تاہم اسکاٹ موریسن نے اعلان کیا ہے کہ وہ ہفتے کو وطن واپس آ جائیں گے۔

XS
SM
MD
LG