رسائی کے لنکس

نیویارک کے سابق گورنر ماریو کیومو انتقال کر گئے


ماریو اپنے بیٹے اینڈریو کے ہمراہ (فائل فوٹو)
ماریو اپنے بیٹے اینڈریو کے ہمراہ (فائل فوٹو)

ماریو 1983 سے لے کر 1994 تک گورنر کی حیثیت سے نیویارک کی سیاست کی ایک معتبر شخصیت رہے۔

تین بار نیویارک کے گورنر رہنے والے اور موجودہ گورنر اینڈریو کیومو کے والد ماریو کیومو انتقال کر گیے ہیں۔ ان کی عمر 82 سال تھی۔

ان کو عارضہ دل کے علاج کے لیے 30 نومبر کو اسپتال داخل کروایا گیا تھا۔

ماریو ایک لبرل ڈیموکریٹ تھے اور انھوں نے کبھی بھی صدراتی نامزدگی کی کوشش نہیں کی حالانکہ دو بار ان کے بارے میں خیال کیا گیا تھا کہ وہ اپنی جماعت میں اس دوڑ کے اولین امیدواروں میں ہو سکتے ہیں۔

وہ جمعرات کو اپنے بیٹے کے دوسری بار گورنر کا عہدہ سنبھالنے کی تقریب میں بھی خرابی صحت کے باعث شریک نہیں ہو سکے تھے۔

اینڈریو نے جمعرات کو اپنے افتتاحی خطاب میں کہا تھا کہ انہوں نے ایک رات قبل اپنی تقریر اپنے والد کو پڑھ کر سنائی تھی۔

اینڈریو کیومو نے کہا کہ "انہوں (والد) نے کہا یہ دوسری مدت والے (گورنر) کے لیے ٹھیک ہے۔ میرے والد، یہاں جسمانی طور پر آج موجود نہیں ہیں۔ وہ ہر اس شخص کے دل و دماغ میں ہیں جو آج یہاں موجود ہے"َ۔

ماریو 1983 سے لے کر 1994 تک گورنر کی حیثیت سے نیویارک کی سیاست کی ایک معتبر شخصیت رہے۔ ان کی طرف قومی سطح پراس وقت توجہ مبذول ہوئی جب انہوں نے سان فرانسسکو میں نیشنل ڈیموکریٹک کنوینشن کے دوران ایک اہم پر جوش تقریر کی تھی۔

یہ تقریر صدر رونلڈ ریگن کی صدراتی مدت کے وسط میں ہوئی جو امریکہ کو "ایک پہاڑی پر ایک روشن شہر" سے تشبیہ دیتے تھے۔

اس کے جواب میں کیومو نے کہا کہ "تمام صدور کو وائٹ ہاؤس کی بارہ دری اور اپنے (زرعی) فارم کے برآمدوں سے شہر روشن نظر آتا ہے، جہاں ہر کوئی اچھا نظر آتا ہے"۔

ان کا مزید کہنا "تاہم ایک دوسرا شہر بھی ہے ، روشن شہر کا ایک دوسرا حصہ بھی ہے، اس حصے میں کچھ لوگ اپنے مکان کا قرض نہیں ادا کر سکتے اور کئی جوان افراد اس کے متحمل نہیں ہو سکتے، جہاں طالب علم اپنی ضروری تعلیم کے متحمل نہیں ہو سکتے اور متوسط طبقے کے والدین اپنے بچوں کے متعلق اپنے خوابوں کو ٹوٹتا ہو دیکھتے ہیں"۔

انہوں نے اپنی تقریرمیں ریپبلکنز کو صرف متمول افراد کا علمبردار قرار دیا جبکہ وہ ڈیموکریٹ کو متوسط طبقے کا علمبردار سمجھتے تھے اورغریبوں نے کیومو کو پارٹی کا صف اول کا رہنما بنا دیا۔

ماریو میتھیو کیومو 15 جون 1932 کو پیدا ہوئے اور اپنے والدین کے ایک چھوٹے سے جرنل اسٹور کے عقبی حصے میں پلے بڑھے۔

کیومو اور ان اہلیہ کے دو بیٹے اور تین بیٹاں ہیں۔ اینڈریو نیویارک کے گورنر بننے سے پہلے یہاں کے اٹارنی جنرل رہ چکے ہیں جبکہ ان کے دوسرے بیٹے کرس 'سی این این' پر خبریں پڑھتے ہیں۔ ان کی بیٹی ماریا، ڈیزائنر کینتھ کول کی اہلیہ ہیں۔

XS
SM
MD
LG