رسائی کے لنکس

ای سی ایل پر نام، یوسف رضا گیلانی کو جنوبی کوریا جانے سے روک دیا گیا


سابق وزیر اعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے وائس چئیرمین، سید یوسف رضا گیلانی کو بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب اس وقت لاہور ائرپورٹ پر بیرون ملک جانے سے روک دیا گیا جب وہ جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیول میں ایک عالمی کانفرنس میں شرکت کے لیے جا رہے تھے۔

سابق وزیراعظم کا بیرون ملک روانگی سے روکے جانے پر اپنے ردعمل میں کہنا ہے کہ پاکستان چھوڑنے کا تصور بھی نہیں کر سکتا، ڈیڑھ ماہ قبل میں ایشیا پیسفک کانفرنس میں شرکت کے لئے نیپال گیا تھا۔ آج میں براستہ بنکاک سیول جارہا تھا کہ روک لیا گیا۔‘

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ’ مجھے روک کر بنیادی انسانی حقوق کو پامال کیا گیا۔ میں نے سیول میں ہونے والے ورلڈ سمٹ میں روانگی کے حوالے سے نیب کو آگاہ بھی کر دیا تھا، جبکہ دفترخارجہ اور محکمہ داخلہ بھی میرے بیرون ملک دوروں سے آگاہ ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ میں مسلسل عدالتوں میں پیش ہو کر الزامات کا سامنا کر رہا ہوں۔ پی ٹی آئی انتقام کا راستہ ترک کرے۔ یہ خود عمران خان کے لئے اچھا نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت بنیادی انسانی حقوق کی دھجیاں اڑانا بند کرے۔ پاکستان کا سابق وزیراعظم اگر جبر کا شکار ہے تو عام آدمی کو کیا تحفظ ملے گا۔ آزادی اظہار کا گلا گھونٹ کر نیا پاکستان تعمیر نہیں کیا جا سکتا۔

ادھر سید یوسف رضا گیلانی کی بیٹی فضہ بتول گیلانی نے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ اُن کے والد اس عالمی کانفرنس میں ایک کلیدی مقرر تھے۔

بقول اُن کے، ''میرے والد اس عالمی کانفرنس میں کلیدی مقرر تھے لیکن انہیں اچانک روک دیا گیا ہے۔ ان کا نام ای سی ایل میں بھی نہیں ہے۔

فضہ گیلانی کے مطابق، چند ہفتے پہلے وہ نیپال بھی گئے تھے۔ لیکن، اس طرح روکے جانے کے بارے میں، انہیں مطلع نہیں کیا گیا تھا۔

گزشتہ دنوں، جعلی اکاؤنٹس اور منی لانڈرنگ کیس میں جے آئی ٹی نے اپنی تحقیقات کے بعد پیپلز پارٹی کے شریک چیرمین، آصف علی زرداری سمیت 172 افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کی تھی۔

وائس آف امریکہ اردو کی سمارٹ فون ایپ ڈاؤن لوڈ کریں اور حاصل کریں تازہ ترین خبریں، ان پر تبصرے اور رپورٹیں اپنے موبائل فون پر۔ ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

اینڈرایڈ فون کے لیے: https://play.google.com/store/apps/details?id=com.voanews.voaur&hl=en

آئی فون اور آئی پیڈ کے لیے: https://itunes.apple.com/us/app/%D9%88%DB%8C-%D8%A7%D9%88-%D8%A7%DB%92-%D8%A7%D8%B1%D8%AF%D9%88/id1405181675

XS
SM
MD
LG