رسائی کے لنکس

پاکستان بھارت میچ: کون کون سے کھلاڑی آمنے سامنے ہوں گے؟


فائل فوٹو
فائل فوٹو

بھارت میں جاری کرکٹ ورلڈ کپ 2023 میں پاکستان اور بھارت اب تک ایونٹ میں اپنے دو دو میچ کھیل چکے ہیں جس میں دونوں نے ہی کامیابی حاصل کی ہے۔

اب یہ دونوں ٹیمیں ہفتے کو احمد آباد میں قائم دنیا کے سب سے بڑے کرکٹ اسٹیڈیم میں آمنے سامنے ہوں گی۔ شائقینِ کرکٹ ورلڈ کپ کے اس اہم ترین میچ کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔

ہفتے کو ہونے والے اس میچ میں بہت سے شائقین اپنے من پسند اسٹاز کا ٹاکرا دیکھنے کے بھی منتظر ہیں۔

شاہین آفریدی کا سامنا کرتے روہت شرما

بھارت کی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما حالیہ عرصے میں پاکستان کے خلاف میچوں میں شاہین شاہ آفریدی کی بائیں ہاتھ سے کرائی جانے والی تیز گیندوں کا سامنا کرتے ہوئےمشکل کا شکار نظر آئے ہیں۔

گزشتہ ماہ ایشیا کپ میں سری لنکا میں کھیلے گئے میچ میں شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر صرف 11 رنز پر روہت شرما بولڈ ہوئے تھے۔

اس سے قبل ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں دبئی میں کھیلے گئے میچ میں شاہین شاہ آفریدی نے اپنے پہلے اوور میں ایسی بال کرائی جس کو روہت شرما نہ سمجھ سکے اور بغیر کوئی رنز بنائے ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔

لیکن ہر بار ایسا نہیں ہوا کیوں کہ ایشیا کپ میں جب پاکستان اور بھارت دوسرے میچ میں آنے سامنے آئے تو روہت شرما نے شاہین شاہ آفریدی کو پہلے ہی اوور میں چھکا مارا تھا۔ اس میچ میں روہت شرما نے 56 رنز بنائے تھے جن میں چار چھکے اور چھ چوکے شامل تھے۔

وراٹ کوہلی کے سامنے حارث رؤف کا پیس

پاکستان اور بھارت کے درمیان گزشتہ برس آسٹریلیا میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میچ میں جب بھارتی ٹیم کو 160 رنز کے ہدف کا تعاقب کرنا تھا تو اس وقت وراٹ کوہلی کو حارث رؤف کے پیس کی صورت بہت کچھ داؤ پر لگانا پڑا تھا۔

میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں بھارت کو فتح کے لیے تین اوور میں 31 رنز درکار تھے۔

ایسے میں وراٹ کوہلی نے اپنے حواس کو قابو میں رکھا اور حارث رؤف کی بالنگ پر دو چھکے مارے جس سے بھارت کی میچ پر گرفت مضبوط ہو گئی۔

میچ کے بعد وراٹ کوہلی نے اپنی گفتگو میں بتایا تھا کہ دونوں چھکے فطری تھے۔

بابر اعظم اور جسپریت بمراہ

بھارت کے بالر جسپریت بمراہ گزشتہ برس تک ون ڈے کرکٹ کے بہترین بالر تھے۔ ان کو 2021 میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کے کپتان بابراعظم کی صلاحیتوں کا ادراک ہوا۔

جسپریت بمراہ کو یارکر بال کرانے کا ماہر سمجھا جاتا ہے۔ لیکن ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچ میں پاکستانی کپتان اور ان کے ساتھ بلے باز محمد رضوان نے جسپریت بمرا ہ سمیت تمام بھارتی بالرز کو آسانی سے کھیلا۔

اس میچ میں پاکستان نے بھارت کو 10 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

دو برس بعد 2023 میں جب دونوں ٹیمیں ایک بار پھر ایشیا کپ میں آنے سامنے آئیں تو گزشتہ تجربات سے بھارتی ٹیم بہت کچھ سیکھ چکی تھی۔ اس نے پاکستانی ٹیم کو صرف 128 رنز پر آؤٹ کر دیا۔ قبل ازیں بھارت نے 50 اوورز میں دو وکٹوں پر 356 رنز بنائے تھے۔ یوں یہ میچ بھارت نے 228 رنز سے اپنے نام کیا۔

اس میچ میں تو بابر کی وکٹ ہاردیک پانڈیا نے حاصل کی تھی۔ لیکن کئی مواقع ایسے آئے جب بابر اعظم کو جسپریت بمراہ کی بالنگ کا سامنا کرنے میں مشکل پیش آئی۔

کلدیپ کا مقابلہ افتخار سے

افتخار احمد پاکستان کے مڈل آرڈر بلے باز ہیں۔ وہ کسی بھی بالر کا آسانی سے سامنا کر لیتے ہیں۔ لیکن گزشتہ ماہ ایشیا کپ میں بھارتی اسپنر کلدیپ یادیو نے ان کی بیٹنگ کو بریک لگا دیا تھا۔

کلدیپ یادیو نے اپنی ہی گیند پر افتخار احمد کا کیچ پکڑا تھا۔

بھارت نے پاکستان کے خلاف جس میچ میں 228 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی اس میں کلدیپ یادیو نے 25 رنز کے عوض پانچ وکٹیں حاصل کی تھیں۔

ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف افتخار احمد کا سب سے اہم ٹاسک یہی ہوگا کہ وہ اسپنرز کو سنبھال لیں اور مڈل اوورز میں تیزی سے رنز میں اضافہ کریں۔

اس رپورٹ میں خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ سے معلومات شامل کی گئی ہیں۔

XS
SM
MD
LG