رسائی کے لنکس

امریکی فوجی ہیلی کاپٹر کیلی فورنیا میں گر کر تباہ، چار ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکی میرین کے بیان میں حادثے کی کوئی وجہ یا دیگر تفصیلات بیان نہیں کی گئی ہے۔ بیان کے مطابق حادثے کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔

امریکی میرین کا ایک ہیلی کاپٹر تربیتی پرواز کے دوران ریاست کیلی فورنیا میں گر کر تباہ ہوگیا ہے۔ حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ہیلی کاپٹر پر سوار عملے کے تمام چار اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔

امریکی میرین کی ایک خاتون ترجمان کی جانب سے جاری کیے جانے والے بیان کے مطابق حادثہ کیلی فورنیا کے جنوبی علاقے میں منگل کی سہ پہر پیش آیا۔

بیان کے مطابق ہیلی کاپٹر کیلی فورنیا کے شہر سان ڈیاگو سے 161 کلومیٹر مشرق میں واقع ایل سینٹرو نامی صحرا میں جاری معمول کی تربیتی مشق میں شریک تھا۔

اطلاعات کے مطابق ہیلی کاپٹر جس مقام پر گر کر تباہ ہوا ہے وہ میکسیکو کی سرحد سے محض چند میل دور ہے۔

'سکورسکی سپر اسٹالین' ساختہ ہیلی کاپٹر تھرڈ میرین ایئر کرافٹ ونگ کا حصہ تھا جس کا مرکز کیلی فورنیا کے علاقے میرا مار میں قائم میرین کور ایئر اسٹیشن پر ہے۔

مذکورہ ہیلی کاپٹر امریکی فوج میں شامل سب سے بڑا اور بھاری ہیلی کاپٹر ہے جو بہت زیادہ وزن لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس ماڈل کے ہیلی کاپٹروں کو اس سے قبل بھی حادثات پیش آچکے ہیں۔

امریکی میرین کے بیان میں حادثے کی کوئی وجہ یا دیگر تفصیلات بیان نہیں کی گئی ہے۔ بیان کے مطابق حادثے کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ حادثے میں ہلاک ہونے والے اہلکاروں کے ناموں کا اعلان 24 گھنٹے بعد کیا جائے گا تاکہ اس دوران ان کے اہلِ خانہ کو حادثے کے متعلق مطلع کیا جاسکے۔

گزشتہ نو ماہ کے عرصے میں امریکی میرین کو امریکہ کے اندر پیش آنے والا یہ دوسرا بڑا حادثہ ہے۔

اس سے قبل جولائی 2017ء میں دریائے مسی سپی کے ڈیلٹا میں ایک مال بردار طیارہ گرنے سے امریکی میرینز کے 16 اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔

XS
SM
MD
LG