یورپ کے ملک فرانس میں پولیس کے ہاتھوں ہلاک ہونے والے نوجوان کی تدفین کے بعد بھی پُر تشدد مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ مظاہرین نے ہفتے کو رات گئے پیرس کے مضافاتی علاقے لاہے لیس روزس کے میئر ونسنٹ جین برن کے گھر کو اس وقت آگ لگا دی جب ان کی اہلیہ اور بچے گھر میں موجود تھے۔ واقعے کے وقت میئر گھر پر نہیں تھے۔ پولیس نے اس واقعے کے بعد مجرمانہ عمل کی تحقیقات کے آغاز کا اعلان کیا ہے۔ منگل کو پیرس کے مضافات میں پولیس کی فائرنگ سے 17 سالہ نوجوان ہلاک ہوا تھا۔ پولیس نے چیکنگ کے دوران نوجوان کو روکا تھا لیکن اس نے گاڑی دوڑا دی تھی۔ نوجوان کی ہلاکت کے بعد فرانس کے مختلف علاقوں میں احتجاج شروع ہو گیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ پانچ دن میں سات سو سے زائد افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔