رسائی کے لنکس

فرانس میں پنشن اصلاحات کے خلاف احتجاج، ریل کا نظام متاثر


فرانس میں پنشن اصلاحات کے خلاف احتجاج، ریل کا نظام متاثر
فرانس میں پنشن اصلاحات کے خلاف احتجاج، ریل کا نظام متاثر

فرانس میں بعض مزدور یونینوں کی طرف سے ریٹائرمنٹ کی عمر میں اضافے کے حکومتی منصوبے کے خلاف احتجاجی ہڑتال میں توسیع کے بعد ٹرینوں کی آمدورفت میں تاخیر کے باعث مسافروں کو دوسرے روز بھی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

فرانس کی قومی ریلوے کمپنی نے ایک روز قبل یونین کی طرف سے کام سے چلے جانے کے باعث بدھ کے روز بھی اپنے ریلوے نظام میں خلل سے متعلق خبردار کیا ہے۔ پیرس کے زیرزمین ٹرین سسٹم میں بھی تاخیر کی توقع کی جارہی ہے۔

فرانسیسی پولیس کا کہنا ہے کہ تقریباً 12لاکھ افراد نے منگل کے روز ملک بھر میں ہونے والے مظاہروں میں شرکت کی تھی جس کا مقصد حکومت کو ریٹائرمنٹ کی عمر میں اضافے سے متعلق منصوبے سے باز رکھنا ہے۔ مزدور یونینوں کی طرف سے مظاہرین کی تعداد 35لاکھ بتائی گئی ہے۔

حالیہ ہفتوں کےدوران پنشن اصلاحات کے حکومتی منصوبے کے خلاف ہونے والے مظاہروں میں یہ سب سے بڑا احتجاجی مظاہرہ تھا۔ منگل کو اس وجہ سے پیرس کے مرکزی ہوائی اڈے سے پروازوں کے نظام الاوقات میں بھی خلل پڑا اور بہت سی پروازیں منسوخ ہوگئیں جب کہ طلبا نے ہائی اسکولوں کا گھراؤ کیا جس کے نتیجے میں منتظمین کو کلاسیں منسوخ کرنا پڑیں۔

فرانس کے صدر نکولاسارکوزی پارلیمنٹ کے ذریعے ریٹائرمنٹ کی عمر 60 سے بڑھا 62 اور مکمل پنشن کے لیے 65 سے 67 سال کرنے کی قانون سازی پر زور دے رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ایسا کرنا فرانس کے بڑے تجارتی خسارے پرقابو پانے کے لیے بہت ضروری ہے۔

XS
SM
MD
LG