گوگل نے جمعرات کے روز نائیجیریا میں مفت وائی فائی ہاٹ سپاٹس کے ایک نیٹ ورک کا آغاز کر دیا ہےجس کا مقصد افریقہ کے اس گنجان آباد ترین ملک میں اپنی موجودگی میں اضافہ کرنا ہے۔
امریکہ کی اس ٹیکنالوجی کمپنی نے اپنا وائی فائی نیٹ ورک قائم کرنے کے لیے فائبر کیبل مہیا کرنے والی نائیجیریا کی کمپنی 21 سنچری کے ساتھ شراکت داری کی ہے۔
گوگل نے مرکزی شہر لاؤس میں ہوائی اڈے سمیت چھ مقامات پر وائی فائی ہاٹ سپاٹ کے اسٹیشن قائم کیے ہیں ۔
نائیجیریا میں انٹرنیٹ کی سہولت بہت محدود ہے۔ ورلڈ بینک کے اعداد و شمار کے مطابق سن 2016 میں ملک کی تقریباً 26 فی صد آبادی اس سہولت سے فائدہ اٹھا رہی تھی۔
کاروباری اداروں کے لیے ملک میں انٹرنیٹ کا کمزور ڈھانچہ ایک بڑا چیلنج ہے اور انہیں آن لائن کاروباری سرگرمیوں میں مشکلات کا سامنا رہتا ہے۔
نائیجیریا کا شمار افریقہ میں سب سے زیادہ تیل پیدا کرنے والے ملکوں میں ہوتا ہے۔ جب کہ ملک کی 19 کروڑ آبادی کے لیے براڈ بینڈ انٹرنیٹ کی سہولت یا تو موجود ہی نہیں ہے یا بہت محدود اور اتنی مہنگی ہے اکثر کی پہنچ سے دور ہے۔
گوگل نے کہاہے کہ اس کا ہدف یہ ہے کہ 2019 کے آخر تک ملک کے پانچ شہروں میں 200 عوامی مقامات پر تیز رفتار وائی نیٹ ورک ہاٹ سپاٹ قائم کیے جائیں۔
نائیجیریا وہ پانچواں ملک ہے جہاں گوگل نے اپنے اسٹیشن قائم کیے ہیں۔
اس سے پہلے گوگل بھارت، انڈونیشیا، میکسیکو اور تھائی لینڈ میں اپنے اسٹیشن قائم کر چکا ہے۔