پیرس کی دہشت گرد کارروائی میں ملوث حملہ آوروں کی مشتبہ ساتھی، ایک خاتون کی بڑی سطح پر تلاش جاری ہے۔ اس سلسلے میں فرانسسی پولیس نے سکیورٹی کی تعیناتی بڑھا دی ہے۔
یہ خاتون پیرس کے دہشت گرد حملوں میں ملوث افراد کی ساتھی بتائی جاتی ہیں، جنھیں پولیس نے ہلاک کیا۔
حکام 26 برس کی حیات بومدین کا پتا لگانے کی کوشش کر رہے ہیں، جو امیدی شلابی کی گرل فرینڈ تھیں، جنھوں نے جمعے کے روز پیرس میں ایک یہودی طعام خانے پر موجود گاہکوں پر گولیاں چلائیں، جس کے کچھ ہی دیر بعد پولیس نے اُسے ہلاک کر دیا۔
جائے وقوعہ سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق، یہ خاتون لوگوں کی بھیڑ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے وہاں سے رفو چکر ہوئیں، ایسے میں جب فوج نے پورٹ دی ونسے کے قریب واقع اِس طعام خانے کے گرد ناکہ لگایا ہوا تھا۔ پولیس کی کوشش تھی کہ یرغمال بنائے گئے افراد کو بازیاب کرایا جائے۔
اس علاقے کو پیرس کا یہودی علاقہ خیال کیا جاتا ہے۔
بومدین کی ماضی کی ایک تصویر موجود ہے، جس میں اُنھوں نے روایتی اسلامی لباس پہنا ہوا ہے۔
شلابی، شریف اور سعید کوشی بھائیوں کے ساتھی تھے، جنھوں نے بدھ کے روز پیرس میں مزاح سے متعلق جریدے، چارلی ہیبڈو پر مہلک حملہ کیا تھا، جس نے پیغمبر اسلام کی شبیہ چھاپی تھی۔ دونوں بھائیوں کو جمعے کے روز اس وقت ہلاک کیا گیا جب پیرس کے شمال میں یرغمالیوں کی بازیابی کے لیے پولیس نے چھاپہ مارا۔