رسائی کے لنکس

جی سیون اجلاس کا اعلامیہ: سربراہان مملکت کی تقسیم واضح عیاں


جی سیون سربراہان مملکت کے اجلاس کے اختتام پر پیر کو ایک مختصر اعلامیہ جاری کیا گیا ہے۔
جی سیون سربراہان مملکت کے اجلاس کے اختتام پر پیر کو ایک مختصر اعلامیہ جاری کیا گیا ہے۔

فرانس میں منعقدہ دنیا کی سات بڑی معیشتوں کے سربراہان مملکت کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے جس میں تجارت سمیت دیگر عالمی مسائل کا ذکر کیا گیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق، جی سیون سربراہان مملکت کے اجلاس کے اختتام پر پیر کو ایک مختصر اعلامیہ جاری کیا گیا ہے۔ لیکن یہ اعلامیہ اس طرح کا نہیں جو عموماً جی سیون اجلاس کے بعد جاری کیا جاتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق، فرانس کی میزبانی میں ہونے والے سربراہ اجلاس کے اعلامیے میں رہنماؤں کی واضح تقسیم عیاں ہے۔

اجلاس کے دوران تجارت، ایران، لیبیا، یوکرین اور ہانگ کانگ سے متعلق مسائل زیر غور آئے۔ تاہم، اعلامیے میں اس بات کا کہیں ذکر نہیں کہ سربراہان مملکت نے کن امور پر فیصلے کیے ہیں۔

جی سیون سربراہان اجلاس کے اعلامیے میں رہنماؤں کی تقسیم واضح عیاں ہے۔
جی سیون سربراہان اجلاس کے اعلامیے میں رہنماؤں کی تقسیم واضح عیاں ہے۔

اعلامیے کے مطابق، تمام ساتوں معاشی طاقتوں نے منصفانہ عالمی تجارت اور معاشی استحکام پر اتفاق کیا ہے۔

جی سیون اجلاس کے اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ تنظیم میں شامل ممالک کے سربراہان عالمی تجارتی تنظیم (ڈبلیو ٹی او) میں نمایاں تبدیلیاں چاہتے ہیں تاکہ تنازعات کا فوری حل اور غیر منصفانہ تجارت کا خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔

جی سیون اجلاس کی میزبانی فرانس کے صدر ایمانوئل میخواں نے کی جب کہ امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ، کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو، جرمن چانسلر انجیلا مرکل، برطانوی وزیرِ اعظم بورس جانسن، جاپان کے وزیر اعظم شنزو ایبے اور اٹلی کے وزیر اعظم گوسیپ کونٹی نے شرکت کی۔

جی سیون اجلاس کے اختتام پر فرانس اور امریکہ کے صدور نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ اُس موقع پر صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ حالیہ ہفتوں میں ایران کے صدر حسن روحانی سے ملنے کا ایک اچھا موقع ہو گا اور وہ اُن کے ساتھ تہران کے جوہری ہتھیاروں کے خاتمے کے لیے ایک نئے معاہدے پر مذاکرات کی کوشش کریں گے۔

جی سیون اجلاس کے اختتام پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور صدر ایمانوئل میخواں نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔
جی سیون اجلاس کے اختتام پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور صدر ایمانوئل میخواں نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔

صدر ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے ایک سال قبل ایران پر جو اقتصادی پابندیاں نافذ کیں تھیں اُن سے ایران کو بری طرح نقصان پہنچ رہا ہے۔

فرانسیسی صدر ایمانوئل میخواں نے اس موقع پر کہا کہ وہ صدر ٹرمپ اور ایرانی ہم منصب حسن روحانی کے درمیان آئندہ چند ہفتوں کے دوران ملاقات کرانے کی کوشش کر رہے ہیں، تاکہ دونوں ممالک کے درمیان دہائیوں سے جاری تنازع کو ختم کیا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ اس حوالے سے حسن روحانی سے بات کر چکے ہیں، اور وہ چاہتے ہیں کہ امریکہ اور ایران کسی معاہدے پر پہنچ جائیں۔

XS
SM
MD
LG