رسائی کے لنکس

بشنوئی گینگ کی سلمان خان کو قتل کرنے کی دھمکی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

بھارت کے گینگسٹر لارنس بشنوئی نے بالی وڈ کے نامور اداکار سلمان خان کو ایک مرتبہ پھر قتل کرنے کی دھمکی دی ہے۔ لارنس کا شمار بھارت کے بڑے گینگسٹروں میں ہوتا ہے اور وہ اس وقت جیل میں قید ہیں۔

بھارتی نشریاتی ادارے 'ٹائمز آف انڈیا' کی ایک رپورٹ کے مطابق دہلی پولیس کے اسپیشل سیل نے ایک بیان میں کہا ہے کہ لارنس بشنوئی نے سلمان خان کو خبردار کیا ہے کہ کالے ہرن کا شکار کرنے کے جرم میں وہ اور ان کی کمیونٹی اداکار کو کبھی معاف نہیں کرے گی۔

دہلی پولیس کے اسپیشل سیل کے مطابق بشنوئی کا کہنا ہے کہ سلمان خان کو سرِ عام معافی مانگنے کی صورت میں ہی معافی مل سکتی ہے۔

دہلی پولیس کا یہ بیان ایسے موقع پر آیا ہے جب حال ہی میں سلمان خان کے وکیل ہستیمل سراسوتی کو ایک غیر مقبول گینگ کی جانب سے دھمکی آمیز خط موصول ہوا تھا۔

اس خط میں دھمکی دی گئی تھی کہ سلمان خان کے وکیل اور اس کے خاندان کا وہی حال کیا جائے گا جو پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کا کیا گیا تھا۔

خط کے مطابق، " دشمن کا دوست ہمارا دشمن ہے اور ہم کسی کو برداشت نہیں کریں گے۔"

اس سے قبل بشنوئی گینگ نے سلمان خان اور ان کے والد سلیم خان کو اسی قسم کا ایک خط لکھا تھا۔

سلمان خان کو ملنے والی دھمکیوں کے بعد وہ عوامی مقامات پر اپنے مداحوں کو عید کی مبارک باد دینے سے بھی کتراتے رہے ہیں۔

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق اسپیشل فورس کے افسران سلمان خان کے گلیکسی اپارٹمنٹ پر تعینات ہیں جب کہ ان کی رہائش گاہ کے اطراف 15 سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کیے گئے ہیں۔

سیکیورٹی خطرات کے پیشِ نظر فلم کے سیٹ پر بھی سلمان خان کی حفاظت کے لیے اسپیشل فورس کے افسران تعینات رہتے ہیں۔

اسپیشل کمشنر پولیس ایچ ڈی ایس دھلی وال کے مطابق گینگسٹر لارنس بشنوئی نے پوچھ گچھ کے دوران بتایا کہ کالا ہرن ان کے مذہبی عقائد کے مطابق بہت مقدس ہے اس لیے اسے مارنے والا اگر عدالت سے رہا ہو جائے اور سزا نہ پائے تو ان کے لیے عدالتی احکامات کافی نہیں ہیں۔

واضح رہے کہ اپریل 2018 میں بھارتی ریاست راجستھان کی ایک عدالت نے نایاب کالے ہرنوں کے غیر قانونی شکار کے مقدمے میں سلمان خان کو پانچ سال قید کی سزا سنائی تھی۔

شکار کا یہ معاملہ 1998 کا ہے جب سلمان خان ساتھی اداکار سیف علی خان، تبو، سونالی اور نیلم کے ساتھ فلم 'ہم ساتھ ساتھ ہیں' کی شوٹنگ کے لیے جودھ پور میں موجود تھے۔ سلمان خان پر الزام تھا کہ انہوں نے ایک گاؤں کے نزدیک نایاب نسل کے دو چنکارا ہرنوں کا شکار کیا تھا۔

سلمان خان کے خلاف یہ مقدمہ اب بھی عدالتوں میں زیرِ سماعت ہے جب کہ وہ خود ضمانت پر رہا ہیں۔

XS
SM
MD
LG