رسائی کے لنکس

مہنگے ترین شہر میں مفت خوراک لینے والوں کی لمبی ترین قطار


جنیوا میں مفت خوراک لینے والوں کی ایک کلو میٹر لمبی قطار۔ 9 مئی 2020
جنیوا میں مفت خوراک لینے والوں کی ایک کلو میٹر لمبی قطار۔ 9 مئی 2020

سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں ہفتے کے روز اس عمارت کے سامنے کم از کم ایک ہزار لوگ قطار میں کھڑے اپنی باری کا انتظار کرتے نظر آئے جہاں مفت خوراک کے پیکٹ تقسیم کیے جا رہے تھے۔ ان میں اکثریت ان غریب کارکنوں اور قانونی دستاویز نہ رکھنے والے تارکین وطن کی تھی جو عالمی وبا کے لاک ڈاؤن کی وجہ سے بے روزگار ہو چکے ہیں۔

سوئٹزرلینڈ کا شمار متمول ترین ملکوں میں ہوتا ہے۔ لیکن، کرونا وائرس نے لوگوں کی ایک بڑی تعداد کو مفت خوراک ڈھونڈنے پر مجبور کر دیا ہے۔

مفت خوراک حاصل کرنے کے خواہش مند افراد کی لائن کم و بیش ایک کلومیٹر لمبی تھی جو صبح پانچ بجے سے ہی وہاں آ کر کھڑے ہو گئے تھے، تاکہ ان کی باری جلد آ سکے۔ خوراک تقسیم کرنے والے رضاکاروں کے پاس 1500 کے لگ بھگ پیکٹ تھے۔

نکاراگوا سے آ کر جنیوا میں رہنے والے ایک شخص انگریڈ برالا نے بتایا کہ میں جنیوا میں پارٹ ٹائم کام کرتا تھا۔ مگر ملازمت جاتی رہی ہے۔ میری جیب خالی ہو چکی ہے۔ مجھے اپنے بل، انشورنس اور سب کچھ ادا کرنا ہے۔ میرے پاس کھانے کو بھی کچھ نہیں رہا۔ یہ بہت اچھا ہے کہ ہمیں ایک ہفتے کی خوراک مفت دے رہے ہیں۔ ایک ہفتہ تو سکون سے گزر جائے گا۔ آگے کا اللہ مالک ہے۔

سوئٹزرلینڈ کی آبادی تقریباً 86 لاکھ ہے جن میں سے 6 لاکھ 60 ہزار کے لگ بھگ غریب ہیں۔ ایک خیراتی ادارے کاریٹاس کا کہنا ہے کہ یہ عموماً اکیلی مائیں ہیں جو اپنے بچے پال رہی ہیں۔ ان کی تعلیم بہت کم ہے۔ انہیں ملازمت مشکل سے ملتی ہے۔ اگر نوکری جاتی رہے تو دوبارہ ڈھونڈنا بہت دشوار ہو جاتا ہے۔

ایک تازہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تقریباً 11 لاکھ افراد غربت کی لکیر کے کنارے پر پہنچ چکے ہیں، کیونکہ ان کی آمدنیاں 2018 کی اوسط آمدنی یعنی 6736 امریکی ڈالر سے 60 فی صد سے بھی کم ہے۔

جنیوا، زیورخ کے بعد دنیا کا مہنگا ترین شہر ہے جب کہ اس شہر میں اوسط آمدنی بھی نسبتاً زیادہ ہے، جس کی وجہ سے لوگوں کی گزر بسر ہو جاتی ہے۔

غریبوں کی مدد کے لیے کام کرنے والے گروپ جینوا سالیڈیرٹی کیروین کی ایک عہدے دار، سلوانا ماٹروماٹو کا کہنا ہے کہ میں نے لوگوں کی آنکھوں میں آنسو دیکھے ہیں۔ ہمارے ملک میں یہ نہیں ہوتا تھا۔ اس لیے سب مدد کرنے نکل پڑے ہیں۔ یہ ایک اچھی چیز ہے۔ یہ کرونا وائرس کی وجہ سے ہے۔

ڈاکٹرز ود آؤٹ بارڈرز کے ایک عہدے دار پیٹرک ویلینڈ نے بتایا کہ ہم نے پچھلے ہفتے خوراک لینے والوں کا سروے کیا تھا، جس سے پتا چلا تھا کہ ان میں سے آدھے لوگ قانونی دستاویزات کے بغیر یہاں رہ رہے تھے جب کہ باقیوں کی حیثیت قانونی تھی یا انہوں نے پناہ کے لیے درخواست دے رکھی تھی۔

جنیوا کا شمار دنیا کے امیر ترین شہروں میں کیا جاتا ہے۔ یہاں کے لوگ خوشحال زندگی گزارتے ہیں۔ اس شہر میں لوگ مختلف شعبوں میں کام کرتے ہیں۔ لیکن پھر ہوا یہ کہ جیسے ہی کوویڈ 19 پھیلنا شروع ہوا، لوگ آن واحد میں اپنے روزگار سے محروم ہو گئے۔

ایک غیر قانونی تارک وطن نے جس کا نام فرننڈو ہے، بتایا کہ میں ایک ہوٹل میں کام کرتا تھا مگر کرونا وائرس کی وجہ سے نوکری جاتی رہی اور میرے پاس کچھ نہیں رہا۔ اس لیے مجھے مفت خوراک کی لائن میں کھڑا ہونا پڑا۔ جب اچھے دن واپس آئیں گے تو میں بھی ضرورت مندوں کی اسی طرح مدد کروں گا جس طرح یہ آج میری مدد کر رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG