رسائی کے لنکس

دو سال سے چھوٹے بچے کا کم عمر ترین آرٹسٹ ہونےکا عالمی ریکارڈ  


گھانا کا ننھا ایس لیئم نینا سیم اینکرہ، جنہوں نے کم عمر ترین مرد آرٹسٹ کا عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے، اپنے گھر میں بنے آرٹ کارنر میں پینٹنگ کرتے ہوئے، فوٹو اے پی 27 مئی 2024
گھانا کا ننھا ایس لیئم نینا سیم اینکرہ، جنہوں نے کم عمر ترین مرد آرٹسٹ کا عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے، اپنے گھر میں بنے آرٹ کارنر میں پینٹنگ کرتے ہوئے، فوٹو اے پی 27 مئی 2024

  • گھانا کے ننھے بچے نے دنیا کے سب سے کم عمر آرٹسٹ ہونے کا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔
  • ایس لیئم ینا سیم انکرہ ہے اگلے ماہ جولائی میں دو سال کے ہو نگے۔
  • گنیز ورلڈ ریکارڈز نے گزشتہ ہفتے اعلان کیا کہ "1 سال 152 دن کی عمر میں، گھانا سے تعلق رکھنے والے ننھے Ace-Liam Nana Sam Ankrah دنیا کے سب سے کم عمر مرد آرٹسٹ ہیں۔"
  • ان کے پہلے آرٹ ورک کو کرال( رینگنا ) کا عنوان دیا گیا۔

اس بچے کے پہلے آرٹ ورک کو کرال( رینگنا ) کا عنوان دیا گیا ہے۔ کیونکہ جیسا کہ لیئم کی ماں نے بتایاَ"میں نے فرش پر ایک کینوس پھیلایا اور اس پر پینٹ ڈال دیا، جس پر لیئم نے گھٹنوں کے بل چلنا شروع کر دیا اور آخر کار تمام رنگ کینوس پر پھیلا دیے۔" بس یہی اس کا پہلا آرٹ ورک تھا، جسے انہوں نے کرال( رینگنا ) کا عنوان دیا۔

گھٹنوں چلتے ہوئے اس ننھے بچے نے دنیا کے سب سے کم عمر آرٹسٹ ہونے کا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ ایس ۔ لیم انکرہ ، اگلے ماہ جولائی میں دو سال کے ہو جائیں گے۔

لیئم کی ماں شنٹیل کوکوا ایگھن، جو خود بھی ایک آرٹسٹ ہیں اور گھانا کے دارالحکومت اکرا میں آرٹس اینڈ کاک ٹیلز اسٹوڈیو کی فاؤنڈر ہیں، جو ایک بار ہے جہاں پینٹنگ سکھائی جاتی ہے۔ ایسوسی ایٹڈ پریس سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ سب کچھ اتفاقاً ہوا ہے۔

گھانا کے ایس لیئم ینا سیم انکرہ کی والدہ ایگھن انہیں پینٹس دے رہی ہیں ، فوٹو اے پی 27 مئی 2024
گھانا کے ایس لیئم ینا سیم انکرہ کی والدہ ایگھن انہیں پینٹس دے رہی ہیں ، فوٹو اے پی 27 مئی 2024

انہوں نے بتایا کہ کہانی کچھ یوں ہے کہ ایک دن جب لیئم چھ ماہ کے تھے اور میں اپنی پینٹنگز پر کام کر رہی تھی تو میں نے انہیں مصروف رکھنے کے لیے یوں ہی ایک طریقہ تلاش کیا۔

"میں نے فرش پر ایک کینوس پھیلایا اور اس پر پینٹ ڈال دیا، جس پر لیئم نے گھٹنوں کے بل کرال کرنا شروع کر دیا اور آخر کار تمام رنگ کینوس پر پھیلا دیے۔" بس یہ ہی اس کا پہلا آرٹ ورک تھا، جسے انہوں نے کرال( رینگنا ) کا عنوان دیا۔

25 سالہ ایگھن نے بتایا کہ اس کے بعد یہ سلسلہ چل پڑا۔ ننھے لیئم نے اپنی ننھی ننھی انگلیوں سے کینوس پر رنگوں سے کھیلنا شروع کیا جو آہستہ آہستہ فن کاری کے کچھ ایسے نمونوں کی تخلیق کا باعث بنا کہ ایگھن نے گزشتہ جون میں گنیز ورلڈ ریکارڈ میں اسےسب سے کم عمر آرٹسٹ قرار دینے کے لیے درخواست دینے کا فیصلہ کیا۔

گھانا کے ایس لیم نینا اینکرہ ، اپنے آرٹ کارنر میں پینٹنگ کرر ہے ہیں، فوٹو اے پی 27 مئی 2024
گھانا کے ایس لیم نینا اینکرہ ، اپنے آرٹ کارنر میں پینٹنگ کرر ہے ہیں، فوٹو اے پی 27 مئی 2024

لیکن گنیز ورلڈ ریکارڈ نے انہیں بتایا کہ ان کے بیٹے کو پچھلے ریکارڈ کو توڑنے کے لیے اپنی پینٹنگز کی نمائش کرکے پینٹنگز فروخت کرنی ہوں گی۔

ایگھن نے جنوری میں اکرا کے میوزیم آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں اپنے بیٹے لیئم کی پینٹنگز کی پہلی نمائش کا اہتمام کیا، جہاں ان کی پیش کی گئی 10 میں سے نو پینٹنگز فروخت ہوئیں۔ ایگھن نے یہ بتانے سے انکار کر دیا کہ پینٹنگز کتنے میں فروخت ہوئیں۔

تاہم گنیز بک میں لیئم کے نام کے اندراج کا پراسس شروع ہو گیا۔

پھر، گنیز ورلڈ ریکارڈز نے ایک بیان میں اس ریکارڈ کی تصدیق کی اور گزشتہ ہفتے اعلان کیا کہ "1 سال 152 دن کی عمر میں، گھانا سے تعلق رکھنے والے ننھے Ace-Liam Nana Sam Ankrah دنیا کے سب سے کم عمر مرد فن کار ہیں۔"

گھانا کے ایس لیم نینا سیم اینکرہ کے فن پارے ، فوٹو اے پی 27 مئی 2024
گھانا کے ایس لیم نینا سیم اینکرہ کے فن پارے ، فوٹو اے پی 27 مئی 2024

گنیز ورلڈ ریکارڈ نے ایسوسی ایٹڈ پریس کی جانب سے سب سے کم عمر سابق مرد آرٹسٹ ریکارڈ ہولڈر کے بارے میں سوال کا فوری طور پر کوئی جواب نہیں دیا۔

اس وقت مجموعی طور پر دنیا کے کم عمر ترین آرٹسٹ ہونے کا ریکارڈ بھارت کی فن کارہ آروشی بھٹناگر کے پاس ہے۔ ان کی پینٹنگز کی پہلی نمائش اس وقت ہوئی تھی جب وہ 11 ماہ کی تھیں اور 2003 میں ان کی پہلی پینٹنگ 5,000 روپے میں فروخت ہوئی تھی۔

لیئم جن کی عمر جولائی میں 2 سال ہو جائے گی، اب بھی پینٹ کرنے سے محبت کرتے ہیں اور اپنی والدہ کے ساتھ بڑی بے تابی سے اسٹوڈیو میں جاتے ہیں جہاں صرف ان کے لیے ایک پینٹنگ کارنربنایا گیا ہے۔

ایگھن نے بتایا کہ لیئم کبھی کبھی صرف پانچ منٹ کے سیشن میں پینٹنگ کرتے ہیں، اور پھر ہفتے کے باقی دنوں میں اسی کینوس پر واپس آتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ حال ہی میں ایک روز وہ بڑے جوش و خروش سے اسٹوڈیو کے ارد گرد اسی انرجی کے ساتھ دوڑتے رہے جو کہ ان کی عمر کے لڑکوں میں روایتی طور پر ہوتی ہے۔

لیکن وہ لگ بھگ ایک گھنٹہ اپنی پینٹنگ پر بھی پوری توجہ سے کام کرتے رہے، اور کینوس پر اپنے تازہ ترین آرٹ کے نمونے پر اپنی ننھی منی انگلیوں سے سبز، پیلے اور نیلے رنگ کا انتخاب کر کے آئل کلرز بکھیرتے رہے۔

گھانا کے ایس لیئم ینا سیم انکرہ اپنی والدہ کی آرٹ گیلری میں ، فوٹو اے پی ،27 مئی 2024
گھانا کے ایس لیئم ینا سیم انکرہ اپنی والدہ کی آرٹ گیلری میں ، فوٹو اے پی ،27 مئی 2024

ایگھن کا کہنا ہے کہ ان کے بیٹے کے عالمی ریکارڈ ہولڈر بننے کے بعد ان دونوں کی زندگی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔ وہ لیئم کی پہلی پینٹنگ "دی کرال" فروخت نہیں کریں گی، ان کا ارادہ ہے کہ وہ اسے اپنے خاندان ہی میں رکھیں گی۔

ایگھن نے مزید کہا کہ انہیں امید ہے کہ ان کے بیٹے پر میڈیا کی توجہ دوسرے والدین کو بھی اس جانب مائل کرے گی کہ وہ اپنے بچوں کی صلاحیتوں کو دریافت کریں اور انہیں پروان چڑھانے کی کوشش کریں۔

انہوں نے کہا کہ ان کا بیٹا لیئم پینٹنگ کرتے ہوئے پروان چڑھ رہا ہے اور یہ سب کچھ وہ کھیل کھیل میں ہی کر رہا ہے۔

اس رپورٹ کا مواد اے پی سے لیا گیا ہے۔

فورم

XS
SM
MD
LG