پاکستان کے وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی منگل کو چین کے سرکاری دورے پر بیجنگ روانہ ہورہے ہیں۔ ان کا یہ دورہ چار روز پر مشتمل ہوگا۔ دورے کا مقصد چین سے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانا اور انہیں مستقل بنیادوں پر فروغ دینے کیلئے نئے طریقوں پر تبادلہ خیال ہے۔
واضح رہے کہ یہ دورہ ایسے موقع پر ہورہا ہے جب دونوں ملکوں کے سفارتی تعلقات کے قیام کو ساٹھ سال مکمل ہورہے ہیں۔ پاکستانی دفتر خارجہ کی ترجمان تہمینہ جنجوعہ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے دورہ چین کے دوران دونوں ملک کے درمیان معیشت، تجارت، خزانہ اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون کے معاہدوں پر دستخط ہوں گے۔
اس سے قبل خود وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے دورہ چین کے موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاک چین دوستی خطے میں امن وسلامتی کی ضمانت ہے۔ جس قدر مخلصانہ اور مضبوط دوستی پاکستان اور چین میں قائم ہے اس کی کوئی دوسری مثال نہیں۔ چین ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کو اپنے ساتھ پائے گا۔
پاکستان کے صدرآصف علی زرداری 2008ء سے اب تک 6 مرتبہ چین کا دورہ کر چکے ہیں ۔