رسائی کے لنکس

بغیر ڈرائیور کے چلنے والی گوگل کار کی تیاری


گوگل کار کا خاکہ
گوگل کار کا خاکہ

بجلی سے چلنے والی اس کار کی شکل ایک غبارے سے مشابہ ہے۔ اس کے سامنے کے حصے میں نرم فوم لگا ہو گا تاکہ پیدل چلنے والوں کو محفوظ بنایا جا سکے

گوگل نے بغیر اسٹیرنگ، ریس اور بریک کے خود سے چلنے والی گاڑی تیار کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ آئندہ سال تک ایسی ایک سو گاڑیاں سڑکوں پر ہوں گی۔

کمپنی کے سربراہ سرگئی برن نے کیلیفورنیا میں ایک کانفرنس میں بتایا کہ دو سیٹوں پر مشتمل یہ گاڑی اپنے اندر نصب شدہ سافٹ ویئر کی مدد سے چلے گی اور اس میں کسی ڈرائیور کی ضرورت نہیں ہو گی۔

گوگل اس سے پہلے بغیر ڈرائیور کے گاڑیاں چلانے کا تجربہ کر چکی ہے لیکن اب وہ یہ گاڑیاں خود ہی تیار کرے گی۔

اس نئی گاڑی کی ابتدائی طور پر رفتار 25 میل (40 کلومیٹر) فی گھنٹہ ہو گی اور شروع میں اس میں کسی بھی غلطی سے بچنے کے لیے اسٹیئرنگ بھی ہو گا اور گوگل کمپنی کے ڈرائیور بھی موجود ہوں گے۔

بجلی سے چلنے والی اس کار کی شکل ایک غبارے سے مشابہ ہے۔ اس کے سامنے کے حصے میں نرم فوم لگا ہو گا تاکہ پیدل چلنے والوں کو محفوظ بنایا جا سکے اور اس کی ونڈ سکرین کے بارے میں بتایا گیا کہ وہ کسی نقصان کے خطرے کو کم کرنے کے لیے لچکدار بنائی گئی ہے۔

اس گاڑی میں گوگل کے تیار کردہ سڑکوں کے نقشے استعمال ہوں گے جو کہ پہلے ہی دیگر گاڑیوں میں سمت کی رہنمائی کے لی استعمال ہو رہے ہیں۔

مبصرین اس گاڑی کے سڑکوں پر آنے میں ایک رکاوٹ کا تذکرہ کر رہے ہیں اور وہ ہے اس کی قانونی حیثیت۔

گوگل کمپنی کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ بغیر ڈرائیور کے چلنے والی گاڑیوں کے سڑکوں پر سفر کے لیے موٹر وہیکل اتھارٹی کو قواعدوضوابط متعارف کروانا ہوں گے۔
XS
SM
MD
LG