رسائی کے لنکس

ہیکرز نے پانچ کروڑ ترک شہریوں کی ذاتی معلومات افشا کردیں


افشا کی گئی معلومات میں لوگوں کے نام، آئی ڈی نمبر، پتے، تاریخ پیدائش اور ان کے والدین کے نام شامل ہیں۔ ان میں خصوصی طور پر صدر طیب اردوان اور وزیر اعظم احمد داؤد اغلو سے متعلق ذاتی معلومات کا تذکرہ کیا گیا ہے۔

کمپیوٹر ہیکنگ میں ملوث افراد نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے ترکی کے پانچ کروڑ شہریوں سے متعلق ذاتی آن لائن معلومات افشا کر دی ہیں۔

افشا کی گئی معلومات میں لوگوں کے نام، آئی ڈی نمبر، پتے، تاریخ پیدائش اور ان کے والدین کے نام شامل ہیں۔ ان میں خصوصی طور پر صدر طیب اردوان اور وزیر اعظم احمد داؤد اغلو سے متعلق ذاتی معلومات کا تذکرہ کیا گیا ہے۔

امریکی خبررساں ادارے 'اے پی' نے کہا کہ وہ جزوی طور پر ان معلومات کی تصدیق کر سکی ہے جن کا تعلق عام شہریوں سے ہے اور افشا کی گئی معلومات میں سے 10 کے بارے میں معلومات کی تصدیق کرنے کی کوشش کی گئ اور ان میں سے آٹھ افرادکے بارے میں معلومات درست پائی گئیں۔

ہیکرز نے ان معلومات کو افشا کرتے وقت ایک پیغام بھی جاری کیا جس میں کہا گیا کہ "کس نے یہ سوچا ہو گا کہ ترکی میں قدامت پسند نظریات، اقربا پروری اور بڑھتی ہوئی انتہاپسندی کمزور اور غیر محفوظ تکنیکی ڈھانچے کا سبب بنے گی"۔

بظاہر ایسا معلوم ہوتا ہے کہ یہ معلومات رومانیہ میں موجود کمپیوٹر سرور کو استعمال میں لا کر افشا کی گئی۔

اگر ہیکنگ کے اس معاملے کی تصدیق ہو جاتی ہے تو یہ عوامی معلومات کے بارے میں افشا کی گئی سب سے بڑی معلومات ہوں گی اور اس سے ترکی کی آبادی کے ایک بڑا حصے کی ذاتی معلومات غیر محفوظ ہو جائیں گی۔

گزشتہ سال امریکی حکومت نے کہا تھا کہ ہیکرز دو کروڑ وفاقی ملازمیں کی ذاتی معلومات تک رسائی میں کامیاب ہوئے۔ امریکی عہدیداروں نے ان معلومات تک غیر قانونی رسائی کا ذمہ دار چینی خفیہ کارروائی کو قرار دیا تھا۔ تاہم بیجنگ اسے مسترد کرتا ہے۔

XS
SM
MD
LG