تھیڑ کی دنیا سے وابستہ افراد کی صلاحیتوں کا اعتراف کرنے کے لئے ہر سال ٹونی ایوارڈز کا میلہ دھوم دھام سے سجایا جاتا ہے۔ لیکن، اس بار، نیویارک کے بیکن تھیڑ میں سجی ٹونی ایوارڈز کی چمک دمک اورلینڈو کے نائٹ کلب میں فائرنگ کے واقعے کی وجہ سے ماند پڑ گئیں۔
ٹونی ایوارڈز کو ’تھیڑ کے آسکرز‘ کہا جاتا ہے اور یہ کچھ غلط بھی نہیں، کیونکہ ’ٹونی ایوارڈز‘ پانا تھیڑ سے جڑے ہر فرد کا خواب ہوتا ہے۔
لن مینوئل مرنڈا کے ڈرامے ’ہملٹن‘ نے بہترین میوزیکل سمیت مختلف شعبوں میں گیارہ ایوارڈز جیت کر ’ٹونی ایوارڈز‘ کا میلہ لوٹ لیا۔
’ہملٹن‘ کو ایوارڈز کے سولہ شعبوں میں نامزد کیا گیا تھا۔ تاہم، اب تک سب سے زیادہ 12 ٹونی ایوارڈز جیتنے کا ریکارڈ ڈرامہ ’دی پروڈیوسرز‘ کا ہے۔
’سی بی ایس نیوز‘ کے مطابق، ہملٹن میوزیکل ڈرامہ سے جڑی خاص بات یہ تھی کہ صدر براک اوباما اور خاتون اولِ مشیل اوباما نے ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے ’ہملٹن‘ کی کاسٹ کا تعارف تقریب کے شرکا سے کرایا۔
دی ہیومنز کو بہترین پلے،’فرینک لینگیلا‘ کو ’دی فادر‘ میں عمدہ اداکاری پر بہترین اداکار کا ایوارڈ دیا گیا۔ ’ہملٹن‘ کو بیسٹ اوریجنل اسکور کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔
سنتھیا ایری وی میوزیکل کیٹگری میں دی کلر پرپل کے لئے بہترین اداکارہ قرار پائیں۔
بہترین فیچرڈ ایکڑ کی کیٹیگری میں ریڈ برنی بہترین اداکار کا ایوارڈ جیتنے میں کامیاب رہے۔
ہملٹن کے ڈائریکٹر تھامس کیل نے میوزیکل کیٹیگری میں بہترین ڈائریکٹر کا ایوارڈ اپنے نام کیا، جبکہ پلے ڈائریکشن کیٹیگری میں، ائیوووین ہوو کو بہترین ڈائریکٹر کے اعزاز سے نوازا گیا۔