رسائی کے لنکس

ہاشم آملہ نے بین الاقوامی کرکٹ کو خیر باد کہہ دیا


جنوبی افریقہ کے بلے باز ہاشم آملہ نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔

چھتیس سالہ ہاشم آملہ نے جمعرات کو ایک بیان جاری کیا جس میں انہوں نے تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تاہم وہ ڈومسٹک کرکٹ کھیلتے رہیں گے۔

دائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے ہاشم آملہ کا کرکٹ کیریئر تقریباً 15 سال پر محیط ہے، انہوں نے نومبر 2004 میں بھارت کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کیا۔

ہاشم آملہ نے 2008 اور 2009 میں بالترتیب ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں جنوبی افریقہ کی نمائندگی کی اور انگلینڈ میں منعقدہ حالیہ ورلڈ کپ اُن کے کیریئر کا آخری ایونٹ ثابت ہوا۔

ہاشم آملہ جنوبی افریقہ کی طرف سے ون ڈے کرکٹ میں 27 سنچریاں بنانے والے واحد بلے باز ہیں جس میں سے 24 سنچریاں اُن میچز کی ہیں جس میں جنوبی افریقہ کو کامیابی حاصل ہوئی۔

ہاشم آملہ نے 181 ون ڈے میچز میں 49 اعشاریہ چار چھ کی اوسط سے 8 ہزار 113 رنز بنائے جس میں 27 سنچریاں اور 39 نصف سنچریاں شامل ہیں۔

ہاشم آملہ کو ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین 2000، 3000، 4000، 5000، 6000 اور 7000 رنز بنانے کا بھی اعزاز حاصل ہے۔

ہاشم آملہ کا ٹیسٹ کیریئر

شاندار ون ڈے کیریئر کی طرح ہاشم آملہ کا ٹیسٹ کیریئر بھی کامیابیوں سے بھرا پڑا ہے۔ انہوں نے 124 ٹیسٹ میچز میں 9 ہزار 282 رنز بنائے جس میں 28 سنچریاں بھی شامل ہیں۔

ہاشم آملہ جنوبی افریقہ کی طرف سے ٹیسٹ کرکٹ میں ٹرپل سنچری بنانے والے واحد بلے باز ہیں اور ٹیسٹ کرکٹ میں جیک کیلس کے بعد سب سے زیادہ رنز بنانے والے دوسرے جنوبی افریقی بلے باز ہیں۔

ہاشم آملہ نے مختصر وقت کے لیے ٹیم کی قیادت کے بھی فرائض انجام دیے جس کے دوران انہوں نے سری لنکا کو ٹیسٹ سیریز میں شکست دی۔ ہاشم آملہ کو 2010 اور 2013 میں جنوبی افریقی 'کرکٹر آف دی ایئر' کے لیے بھی منتخب کیا گیا۔

ہاشم آملہ کا ٹی ٹوئنٹی کیریئر

ہاشم آملہ کا ٹی ٹوئنٹی کیریئر 44 میچز پر مشتمل ہے جس میں انہوں نے 33 اعشاریہ چھ کی اوسط سے ایک ہزار 277 رنز بنائے۔

انہوں نے محدود اوور کی کرکٹ میں 39 نصف سنچریاں بھی بنائیں اور ان کا سب سے زیادہ انفرادی اسکور 97 رنز ناٹ آؤٹ ہے۔

ہاشم آملہ نے اپنے ریٹائرمنٹ کے اعلان میں کہا کہ "اپنے کرکٹ کیریئر میں بہت کچھ سیکھا، بہت سے دوست بنائے اور خاص طور پر لوگوں میں محبتیں بانٹیں"۔

انہوں نے بھرپور سپورٹ کرنے پر اپنے والدین، خاندان، دوستوں اور ساتھی کھلاڑیوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔

XS
SM
MD
LG