رسائی کے لنکس

ہوائی امریکہ کی خوش حال ترین ریاست قرار


ہوائی امریکہ کی خوش حال ترین ریاست قرار
ہوائی امریکہ کی خوش حال ترین ریاست قرار

رائے عامہ کے جائزوں کے معتبر ادارے 'گیلپ' نے ہوائی کو مسلسل تیسرے برس بھی امریکہ کی خوش حال ترین ریاست قرار دیا ہے۔

ادارے کی جانب سے مرتب کردہ 'ہیلتھ وے ویل بینگ انڈیکس 2011' کے مطابق ریاست ہوائی کے شہریوں کا اسکور 100 کے اسکیل پر 2ء70 رہا ہے جو امریکہ بھر میں سب سے زیادہ ہے۔

'گیلپ' کی جانب سے مرتب کردہ اس پیمانے میں 100 کا مطلب 'مثالی خوش حالی' لیا جاتا ہے۔

'گیلپ' یہ فہرست امریکی ریاستوں کے شہریوں کے طرزِ رہائش، روحانی و جسمانی صحت، اورمعاشی آسودگی جیسے پیمانوں کی بنیاد پر ہر سال مرتب کرتا ہے۔

ادارے نے اس برس کی فہرست بھی جنوری تا دسمبر 2011ء کے دوران میں امریکہ کی تمام 50 ریاستوں میں روزانہ کی بنیاد پر کیے جانے والے رائے عامہ کے جائزوں کی بنیاد پر مرتب کی ہے جن میں تین لاکھ 53 ہزار سے زائد افراد کی آراء شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ریاست ہوائی کے رہائشی مسلسل تیسرے برس بھی خوش حال ترین امریکی قرار پائے ہیں۔ ہوائی کے بعد دیگر خوش حال ترین امریکی ریاستوں میں شمالی ڈکوٹا، منی سوٹا، یوٹاہ اور الاسکا شامل ہیں۔

جائزے میں مغربی ورجینیا 3ء62 پوائنٹ کے ساتھ امریکہ کی سب سے کم خوش حال ریاست رہی۔

رپورٹ کے مطابق امریکہ کی مجموعی خوش حالی کا تناسب 2010ء میں 8ء66 فی صد تھا جو 2011ء میں معمولی سی کمی کے بعد 2ء66 فی صد ہوگیا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملکی خوش حالی میں اس معمولی کمی کی وجہ معاشی صورتِ حال کے باعث عوام کے بڑھتے ہوئے خدشات ہیں۔

XS
SM
MD
LG