برازیل میں جاری فٹ بال ورلڈ کپ کے تیسرے کوارٹر فائنل میں ارجنٹائن بیلجئم کو 0-1 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچ گیا ہے۔
ہفتے کو برازیلیا میں کھیلے جانے والے میچ کا واحد گول ارجنٹائن کے گوانزالو ہیگوائن نے آٹھویں منٹ میں کیا جس کے بعد میچ کے دوران ارجنٹائن کی ٹیم دوسرا گول کرنے کی سر توڑ کوششیں کرتی رہی لیکن اسے کامیابی نہ ملی۔
ارجنٹائن کے جارحانہ حملوں کے باعث بیلجئم کی ٹیم نے میچ کا بیشتر وقت دفاعی کھیل کا مظاہرہ کیا۔ اس دوران یورپی ٹیم کو کم از کم دو بار گول کرنے کا موقع ملا لیکن مخالف ٹیم کے مضبوط دفاع کے سبب اسے کامیابی نہ مل سکی۔
ارجنٹائن کی ٹیم 24 سال بعد فٹ بال ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچی ہے۔ اس سے قبل اس نے 1990ء کے عالمی کپ کا سیمی فائنل کھیلا تھا۔
سیمی فائنل میں ارجنٹائن کا مقابلہ ہالینڈ یا کوسٹاریکا سے ہوگا۔ دونوں ٹیمیں ہفتے کی سہ پہر ٹورنامنٹ کے چوتھے اور آخری کوارٹر فائنل میں ایک دوسرے کے مدِ مقابل آئیں گی۔