امریکہ کی وزیرِ خارجہ ہلری کلنٹن نے اپنی والدہ کے انتقال کے باعث انگلینڈ اور ترکی کے اپنے طے شدہ دورے منسوخ کردیے ہیں۔
بانوے سالہ ڈوروتھی راڈھم کی موت کا اعلان 'کلنٹن فاؤنڈیشن' کی جانب سے منگل کو علی الصباح سامنے آیا۔ اس سے قبل سیکرٹری کلنٹن نے اپنی والدہ کی خرابی صحت کے باعث پیر کی شب دونوں دوروں کی منسوخی کا اعلان کیا تھا جو انہیں رواں ہفتے کرنا تھے۔
پیر کو واشنگٹن میں 'امریکن- ترک کونسل' سے خطاب کرتے ہوئے امریکی وزیرِ خارجہ نے کہا تھا کہ اگر ترکی معاشی اور عالمی سطح پر اپنی صلاحیت سے بھرپور استفادہ کرنا چاہتا ہے تو اسے ہر صورت جمہوریت کو فروغ دینا ہوگا۔
اپنے خطاب میں سیکرٹری کلنٹن نے کہا کہ ایک مستحکم ترک معیشت کا دارومدار خیالات کے آزادانہ تبادلے اور قانون کی بالادستی پر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکہ کو امید ہے کہ ترکی میں جاری آئینی اصلاحات کے عمل کے نتیجے میں ایک ایسا آئین وجود میں آئے گا جس میں اقلیتوں کے تحفظ اور مذہبی عبادات کی ادائیگی کی اجازت سمیت تمام انسانی حقوق کے احترام کو فروغ دیا جائے گا۔
امریکی وزیرِ خارجہ کے بقول اگر ترکی کامیاب ہونا چاہتا ہے تو اسے خطے میں امن کو فروغ دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ترکی اور اسرائیل کے درمیان تعلقات نے ماضی میں دونوں ممالک کو فائدہ پہنچایا ہے اور ان تعلقات میں درآنے والی حالیہ کشیدگی پر امریکہ کو تشویش ہے۔