رسائی کے لنکس

اسرائیل کی حالیہ کارروائیوں کا بدلہ لیں گے: حزب اللہ


اسرائیلی حملے کے بعد حزب اللہ کے میڈیا سینٹر کا منظر۔
اسرائیلی حملے کے بعد حزب اللہ کے میڈیا سینٹر کا منظر۔

لبنان کی عسکری تنظیم حزب اللہ نے اسرائیل کی لبنان اور شام میں کارروائیوں کا بدلہ لینے کا اعلان کیا ہے۔

حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے خطرناک قدم اٹھایا ہے جس کا اُسے بھرپور جواب دیا جائے گا۔

اپنے ایک ویڈیو بیان میں حسن نصراللہ نے اسرائیل کے ساتھ دیرینہ دشمنی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اب ہم ایک نئے دور میں داخل ہو گئے ہیں۔

اُن کے بقول اسرائیل کے ڈرون حملے انتہائی خطرناک پیش رفت ہے۔ حزب اللہ دوبارہ ایسا نہیں ہونے دے گی۔

اس سے قبل اسرائیل کی جانب سے یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ اُس نے شام میں کارروائی کر کے حزب اللہ کے دو جنگجوؤں کو ہلاک کر دیا ہے۔

حزب اللہ کے ایک اہل کار نے خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کو بتایا کہ اسرائیل کا ایک نگران ڈرون بیروت کے قریب گرنے سے حزب اللہ کے میڈیا سینٹر کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔ جب کہ دوسرا ڈرون بھی قریبی علاقے میں گر کر تباہ ہو گیا ہے۔

حسن نصراللہ کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی حالیہ کارروائیاں 2006 میں لبنان جنگ کے بعد طے پانے والے سمجھوتے کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ہم اس معاملے پر خاموش رہے تو اسرائیل کو ایسے حملے جاری رکھنے کی شہ ملے گی اور صورت حال عراق جیسی ہو سکتی ہے۔

حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ۔
حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ۔

عراق کے ایران نواز عسکری گروپ نے بدھ کو الزام لگایا تھا کہ ان کے اسلحہ ڈپو اور تنصیبات پر دھماکوں کے ذمہ دار اسرائیل اور امریکہ ہیں۔

اسرائیل کے وزیر اعظم نے تسلیم کیا تھا کہ عراق میں کی جانے والی کارروائی ممکنہ طور پر اسرائیل کی جانب سے ہی کی گئی ہے۔

اسرائیل اور حزب اللہ 2006 میں لبنان میں ایک ماہ تک جاری رہنے والی جنگ کا حصہ رہے ہیں۔ حزب اللہ کا دعویٰ ہے کہ اسرائیل نے 2006 کے بعد اب لبنان میں دوبارہ مداخلت کی ہے جسے برداشت نہیں کیا جائے گا۔

اس سے قبل اسرائیل نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے شام کے دارالحکومت دمشق کے قریب ایران کی حمایت یافتہ ملیشیا کے خلاف کارروائی کی ہے جو اسرائیل پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

اسرائیل کے وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے ایک ٹوئٹ میں کہا تھا کہ اُن کی فوج ہر جگہ ایرانی جارحیت کا مقابلہ کرے گی اور ایران کو کہیں پناہ نہیں ملے گی۔

ایرانی قدسی فورس کے سربراہ قاسم سلیمانی نے اسرائیلی کارروائیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ صیہونی ریاست اب اپنی آخری کوششیں کر رہی ہے۔

امریکہ کے وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے شام اور لبنان میں اسرائیل کی کارروائیوں کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کو اپنے دفاع کے لیے ایران کے خلاف کارروائی کا حق ہے۔

دوسری جانب لبنان کے وزیر اعظم سعد حریری نے اسرائیل کے ڈرون حملوں کو لبنان کی خود مختاری پر حملہ قرار دیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ اسرائیلی جارحیت سے خطے میں کشیدگی اور عدم استحکام میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

XS
SM
MD
LG