رسائی کے لنکس

 ہانگ کانگ کا جمہوریت نواز اخبار 'ایپل ڈیلی' اس ہفتے بند ہورہا ہے


فائل فوٹو میں ہانگ کانگ کے اخبار ایپل ڈیلی کا پہلا صفحہ نظر آرہا ہے جس میں نئے قانون کو ڈریکونیئن لا کی سرخی دی گئی
فائل فوٹو میں ہانگ کانگ کے اخبار ایپل ڈیلی کا پہلا صفحہ نظر آرہا ہے جس میں نئے قانون کو ڈریکونیئن لا کی سرخی دی گئی

ہانگ کانگ کا جمہوریت نواز اخبار 'ایپل ڈیلی' اس ہفتے سے شائع ہونا بند ہو جائے گا۔ اخبارکی مالک کمپنی "نیکسٹ ڈیجیٹل" نے بدھ کو اعلان کیا کہ ہانگ کانگ میں موجودہ صورت حال کے پیش نظر اپیل ڈیلی کا آخری شمارہ ہفتے کے روز نکلے گا۔

جب کہ مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق ایپل ڈیلی کا جمعرات کو چھپنے والا شمارہ اخبار کا آخری شمارہ ہو سکتا ہے۔

نیکسٹ ڈیجیٹل کا شمار ہانگ کانگ کی بڑی میڈیا کمپنیوں میں ہوتا ہے۔ اخبار ایپل ڈیلی اور نیکسٹ ڈیجیٹل کے 73 سالہ بانی اور مالک جمی لائی پچھلے سال جون میں چین کے قومی سلامتی کے ایک سخت قانون کے نافذ ہونے کے بعد سے زیر عتاب ہیں۔

اس متنازعہ قانون اور ہانگ کانگ کی حکومت کے خلاف وہاں 2019 میں بڑے پیمانے پراحتجاجی مظاہرے ہوئے تھے، جن میں بعض پر تشدد بھی رہے۔ جمی لائی اس وقت غیر قانونی قرار دیے گئے اجتماعات میں شرکت کے الزام میں 14 ماہ کی سزا کاٹ رہے ہیں۔

یاد رہے کہ حکام ایپل ڈیلی میں شائع ہونے والے درجنوں مضامین کے حوالے سے کہہ چکے ہیں ان کی اشاعت سے قومی سلامتی کے قانون کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔

قومی سلامتی کے قانون کے تحت ان لوگوں کے خلاف کارروائی کی جاتی ہے جو دہشت گردی، علیحدگی پسندی، کسی بیرونی ملک سے ملی بھگت اور ریاست کے اختیار کی پامالی کے مرتکب قرار پائے ہوں۔

گزشتہ سال اگست میں حکام نے ایپل ڈیلی کے دفتر پر چھاپہ مارا اور لائی کو بیرونِ ملک سازش کے شبہ میں گرفتار کر لیا گیا تھا۔

ایپل ڈیلی کی اشاعت بند ہونے کے اعلان سے ایک ہفتہ قبل پانچ سو سے زیادہ پولیس اہل کاروں نے اخبار کے دفتر پر چھاپہ مار کر اس کے چیف ایڈیٹر رائن لا اور کمپنی کے چار ایگزیکٹو عہدیداران کو گرفتار کر لیا۔

حکام نے کمپنی کے 23 لاکھ ڈالرز کے اثاثے بھی منجمد کر دیے جس کے باعث کمپنی اپنے ملازمیں کو تنخواہیں دینے کے قابل نہیں رہی۔

گرفتار کیے جانے والے افراد پر الزام ہے کہ انہوں نے کسی بیرونی ملک کے ساتھ ملی بھگت کی تھی۔ اس الزام کے تحت پکڑے جانے والے افراد ضمانت پر رہائی حاصل کرنے کے اہل نہیں ہوتے۔

XS
SM
MD
LG