رسائی کے لنکس

کترینہ اور وکی کی قربتوں کا آغاز کیسے ہوا؟


کترینہ کیف/ انسٹاگرام
کترینہ کیف/ انسٹاگرام

بھارتی ذرائع ابلاغ میں ان دنوں بالی وڈ اداکارہ کترینہ کیف اور اداکار وکی کوشل کی شادی کے چرچے ہیں۔ تاہم جوڑے کی جانب سے باضابطہ طور پر شادی کی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔

کترینہ کیف یا وکی کوشل نے اپنی شادی سے متعلق کوئی بیان جاری نہیں کیا۔ لیکن بھارتی ذرائع ابلاغ میں یہاں تک خبریں چلا دی گئی ہیں کہ جوڑا شادی کے روز کیا پہنے گا؟ شادی میں کن کن مہمانوں کو مدعو کیا گیا ہے؟ اور شادی کے انتظامات کہاں تک پہنچے؟

دونوں اداکاروں نے کبھی فلم میں ایک ساتھ کام نہیں کیا اور دونوں نے ​کبھی سوشل میڈیا پر بھی ایک دوسرے کے ساتھ محبت کا اظہار نہیں کیا۔ تو آخر دونوں کے درمیان قربتوں کا آغاز کیسے ہوا؟

کترینہ کیف اور وکی کوشل کے درمیان قربتوں کی چہ مگوئیاں اس وقت ہونے لگی تھیں جب 2019 میں مشہور ٹی وی شو 'کافی ود کرن' کے میزبان کرن جوہر کے سوال پر اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ اپنی اگلی فلم میں وکی کے ساتھ کام کرنا پسند کریں گی کیوں کہ وکی ان کے ساتھ فلم میں اچھے لگیں گے۔

بعدازاں کرن نے وکی کوشل کو اپنے شو میں مدعو کیا اور ان سے سوال کیا کہ کترینہ نے آپ کے ساتھ کام کرنے کا ذکر کیا تھا۔ اس پر وکی نے اپنے ردِ عمل کا اظہار کچھ اس طرح کیا کہ وہ بے ہوش ہونے کی اداکاری کرنے لگے۔

اب کترینہ کیف اور وکی کوشل کی شادی کی خبریں سامنے آنے کے بعد کرن کے اس شو کا کلپ سوشل میڈیا پر گردش کر رہا ہے۔

دونوں ایک ساتھ کب نظر آئے؟

کترینہ اور وکی پہلی بار ایک ساتھ 2019 میں یوٹیوب کے انٹرٹینمنٹ چینل 'فلم کمپینیئن' کے ڈیجیٹل شو 'ٹیپ کاسٹ' میں ایک ساتھ نظر آئے تھے۔ اس شو میں کترینہ اور وکی کوشل نے اپنے تجربات، خیالات اور دیگر موضوعات سے متعلق سوالات پر تبادلۂ خیال کیا تھا۔

اسی سال 'ذی سائن ایوارڈز' میں دونوں ایک بار پھر ایک ساتھ اسٹیج پر نظر آئے اور وکی نے کترینہ کو ان کے مشہور گانوں کے اسٹیپس کرنے کو کہا۔

بعدازاں دونوں اداکاروں کو متعدد ایوارڈ شوز میں ایک ساتھ دیکھا گیا۔ لیکن دونوں نے اپنے رشتے سے متعلق خاموشی ہی اختیار کی۔

وکی اور کترینہ کو اکتوبر 2019 میں اپنے کسی دوست کے گھر دیوالی کی پارٹی میں بھی ساتھ دیکھا گیا تھا۔

'انڈیا ٹوڈے' کے مطابق کرونا وبا کے دوران وکی کوشل کترینہ کے گھر بھی گئے تھے اور اس دوران پاپا رازی نے ان کی تصاویر بھی کھینچی تھیں۔

بھارتی انٹرٹینمنٹ ویب سائٹ 'پنک ولا' کے مطابق اداکار انیل کپور کے بیٹے ہرش وردن کپور سے رواں برس ویب سائٹ 'زووم' پر ایک انٹرویو کے دوران جب سوال کیا گیا کہ بالی وڈ میں ایک ایسے جوڑے کے بارے میں بتائیں جس کے بارے میں افواہیں گردش کرتی ہیں لیکن ان کا رشتہ اصل ہی ہے؟

اس سوال کے جواب میں ہرش وردن نے کہا تھا کہ وکی اور کترینہ ایک ساتھ ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ انہیں یہ معلوم نہیں کہ ایسا کہنے کے بعد وہ کہیں مشکل میں نہ پڑ جائیں۔

واضح رہے کہ بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ کترینہ کیف اور وکی کوشل نو دسمبر کو ریاست راجستھان کے شہر سوائی مادھوپور کے برورا قلعے میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوں گے۔

تاہم شادی کی تقریبات کا آغاز سات دسمبر کو 'سنگیت' کی تقریب سے ہو گا۔ البتہ جوڑے اور ان کے گھر والوں کی جانب سے تاحال شادی سے متعلق کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا ہے۔

XS
SM
MD
LG