رسائی کے لنکس

بہاماس میں 'ڈوریئن' کی تباہ کاریاں جاری، پانچ ہلاکتوں کی تصدیق


بہامس میں حکام لوگوں پر زور دے رہے ہیں کہ ڈوریئن کی تباہ کاریوں کے پیش نظر وہ اپنے گھروں کے اندر ہی رہیں۔
بہامس میں حکام لوگوں پر زور دے رہے ہیں کہ ڈوریئن کی تباہ کاریوں کے پیش نظر وہ اپنے گھروں کے اندر ہی رہیں۔

سمندری طوفان ڈوریئن تیز ہواؤں اور بڑے پیمانے پر بارشوں کے ساتھ گرینڈ بہامس جزیرے پر ٹھہر گیا ہے۔ جب کہ وزیر اعظم ہیوبرٹ منیس نے پیر کو کم از کم پانچ ہلاکتوں کی تصدیق کر دی ہے۔

اگرچہ موسمیاتی ماہرین کو توقع تھی کہ طوفان منگل کو اس علاقے سے دور چلا جائے گا۔ تاہم، ایسا نہیں ہو سکا۔ خطرے کے پیش نظر لوگوں کو ابھی تک گھروں سے باہر نکلنے میں احتياط برتنے پر زور دیا جا رہا ہے۔

بہاماس کے وزیر خارجہ ڈیریئن ہین فیلڈ کا کہنا تھا کہ ہم یہاں اوباکو میں اپنے شہریوں سے، جو متاثرہ علاقوں میں ہیں، کہنا چاہتے ہیں کہ گھروں سے باہر جانا محفوظ نہیں ہے۔ بجلی کی تاریں اور کھمبے گر گئے ہیں، جوں ہی موسم اجازت دے گا، امدادی کارکن متاثرہ علاقوں میں جائیں گے۔

موسمیاتی ماہرین کا کہنا ہے منگل کی رات جب ڈوریئن فلوریڈا کے مشرقی ساحل اور بدھ اور جمعرات کو جارجیا اور ساؤتھ کیرولائنا کے انتہائی قریب پہنچے گا تو وہ کیٹیگری 4 کا طوفان ہوگا۔

فلوریڈا اور ساؤتھ کیرو لائنا کے لاکھوں رہائشیوں کو انخلا کا حکم دیا جا چکا ہے۔ نارتھ کیرو لائنا میں ہنگامی صورت حال نافذ ہے جہاں ڈوریئن بدھ کو پہنچ سکتا ہے۔

نارتھ کیرولائنا کے گورنر رائے کوپر کہتے ہیں کہ یہ طوفان توقع ہے کہ تیزی پکڑے گا اس لیے تیاری کا وقت بہت کم باقی رہ گیا ہے۔

اگر ڈوریئن اٹلانٹک کے ساحل سے نہیں ٹکراتا تو بھی توقع ہے کہ قصبوں اور شہروں میں 25 سینٹی میٹر تک بارشیں، زندگی کے لیے خطرناک سیلابی ریلے اور کچھ گرداب آ سکتے ہیں۔

موسمیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈوریئن اس ہفتے اٹلانٹک کے ساحل تک پہنچنے تک بدستور ایک سمندری طوفان ہی رہے گا۔

XS
SM
MD
LG