جنوبی کوریا کی گاڑیاں بنانے والی کمپنی ہیونڈے موٹرز نے جمعرات کو اپنی پہلی الیکٹرک سیڈان متعارف کرا دی ہے۔
سیڈان کیٹیگری میں متعارف کرائی گئی اس کار کا نام 'آئیونک 6' ہے۔ جو ان 31 سے زائد الیکٹرک ماڈلز میں سے ایک ہے جو ہیونڈے موٹر گروپ 2030 تک متعارف کرانے کا ارادہ رکھتا ہے۔
خیال رہے کہ ہیونڈے موٹر گروپ میں ہیونڈے موٹر، اس کی پیرنٹ کمپنی کیا کارپوریشن اور جینیسس موٹرز شامل ہیں۔
دنیا بھر میں اس وقت الیکٹرک گاڑیوں کی مارکیٹ میں ٹیسلا کمپنی کا راج ہے۔ البتہ ہیونڈے کی جانب سے نئی الیکٹرک سیڈان متعارف کرانے کے بعد یہ امید کی جارہی ہے کہ جنوبی کورین کمپنی کو مارکیٹ کا بڑا شیئر حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق ہیونڈے سیڈان کمپنی کی الیکٹرک گاڑیوں کی رینج کو آگے بڑھائے گی۔ کمپنی اس سے قبل الیکٹرک گاڑیوں میں کروس اوور اور ایس یو ویز تیار کر رہی ہے۔
اس کے علاوہ نئی سیڈان ٹیسلا کی سب سے زیادہ فروخت ہونے والی ماڈل 3 سیڈان کا بھی مقابلہ کرے گی۔
انڈسٹری ٹریکر ایس این ای ریسرچ کے مطابق ہنڈائے اور کیا رواں سال جنوری سے مئی تک چین کے سوا عالمی سطح پر دوسرے بڑے الیکٹرک وہیکل(ای وی) شپرز تھے۔ جہاں ان کا مشترکہ مارکیٹ شیئر ٹیسلا کے 22 فی صد کے بعد دوسرے نمبر پر ساڑھے 13 فی صد تھا۔
ایوجین انویسٹمنٹ اینڈ سیکیورٹیز کے تجزیہ کار لی جائے ال کہتے ہیں کہ آئیونک 6 کی مسابقتی قیمت اور طویل ڈرائیونگ رینج کو دیکھتے ہوئے یہ گاڑی والیم ای وی سیڈان سیکٹر میں ٹیسلا کا مقابلہ کرنے قابل ہو جائے گی۔
وہ کہتے ہیں کہ آئیونک 6 الیکٹرک وہیکل سیڈان مارکیٹ میں اپنی قیمت کا فائدہ اٹھا سکتی ہے کیوں کہ ٹیسلا نے کئی مرتبہ اپنی قیمتیں بڑھائی ہیں۔
ہیونڈے کا کہنا ہے کہ ان کی الیکٹرک سیڈان کی ڈرائیونگ رینج لگ بھگ 610 کلومیٹر ہوگی جو آئیونک 5 کروس اوور سے تقریباً 30 فی صد زیادہ ہے۔
ہیونڈے کی آئیونک 6 کی قیمت جنوبی کورین مارکیٹ کے لیے ساڑھے پانچ سے ساڑھے چھ کروڑ وون (41 ہزار ڈالر سے زائد) کے درمیان ہے۔
کمپنی کا کہنا تھا کہ آئیونک 6 رواں سال جنوبی کوریا میں دستیاب ہوگی جب کہ آئندہ سال کی پہلی سہ ماہی میں امریکی مارکیٹ میں اسے متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔
اس خبر میں شامل مواد خبر رساں ادارے 'رائٹرز' سے لیا گیا ہے۔