بالی ووڈ اداکار اکشے کمار کا کہنا ہے کہ میں نئے ڈائریکٹرز کے ساتھ کام اس لیے کرتا ہوں کہ بڑے ڈائریکٹرز میرے ساتھ کام نہیں کرتے، وہ مجھے لفٹ ہی نہیں کراتے۔
اکشے کمار نے بھارٹی میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ معلوم نہیں بڑے ڈائریکٹرز مجھے اپنی فلموں میں کیوں نہیں لیتے۔ حالانکہ میں اس کا اہل ہوں۔
اکشے کمار کا یہ تبصرہ کرن جوہر کے اس بیان کے بعد سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ اکشے چھوٹے ڈائریکٹرز کے ساتھ ہی کام کرنا پسند کرتے ہیں۔
کرن جوہر کا شمار بھی ایسے پروڈیوسرز میں ہوتا ہے جو ماضی میں متعدد نئے ڈائریکٹرز کے ساتھ کام کرتے رہے ہیں۔
جب اکشے کمار سے یہ پوچھا گیا کہ کیا ایسا بھی ہوا ہے کہ بڑے ڈائریکٹرز نے ان کے مقابلے میں خانز ہیروز میں زیادہ دلچسپی لی ہو؟ یعنی شاہ رخ، سلمان خان اور عامر خان۔
اس پر اکشے کمار کا کہنا تھا کہ ایسا نہیں ہے کہ صرف خان ہیروز ہی بڑے ڈائریکٹرز کی نظر میں سب کچھ ہیں۔ اگر ایسا ہوتا تو کپور خاندان کا پتہ کب کا صاف ہو گیا ہوتا۔ "میں سمجھتا ہوں کہ ان حق داروں میں شاید میں شامل نہیں۔ اس لیے میں نے اپنے لیے خود اپنی راہ چنی اور اسی پر چل نکلا۔"
اکشے کا کہنا تھا میرے پاس تو اب بھی کسی بڑے ڈائریکٹر کی کوئی فلم نہیں. البتہ وہ میرے ساتھ میری ہوم پروڈکشن کے بینر تلے بننے والی فلمیں پروڈیوس کر رہے ہیں۔
نئے ڈائریکٹرز کے ساتھ اپنے کام کے تجربے کے حوالے سے اکشے کمار کا کہنا تھا کہ فلم 'گڈ نیوز' کے ڈائریکٹر راج مہتہ میرے ساتھ کام کرنے والے 21 ویں نئے ڈائریکٹر ہیں۔ اکشے کا کہنا تھا کہ مجھے بھی بہت سے پرانے ڈائریکٹرز کے ساتھ کام کرنے کا لالچ ہے لیکن ان کے لیے یہ 'مرجاؤ یا مار دو' والی صورتِ حال ہے۔
اکشے کمار کا یہ بھی کہنا تھا کہ انہوں نے کوئی اسکول نہیں کھولا ہوا بلکہ نئے ڈائریکٹرز اچھے کام کی بدولت ہی میرے ساتھ ہیں۔ اکشے کمار کا کہنا تھا کہ "اصل میں میری سوچ یہ ہے کہ اسکرپٹ اور اسکرین پلے اچھا ہو تو 60 فی صد کام مکمل ہو جاتا ہے جب کہ باقی کام ڈائریکٹرز کا ہوتا ہے۔"
اکشے کمار کی نئی فلم 'گڈ نیوز' 27 دسمبر کو ریلیز ہونے جارہی ہے۔ یہ کامیڈی فلم ہے جس میں کرینہ کپور، دل جیت دوسانجی اور کیارہ ایڈوانی نے اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔