رسائی کے لنکس

آئی سی سی رینکنگ میں بابر اعظم کا پانچواں نمبر


ویرات کوہلی اور پسِ منظر میں پاکستانی بیٹسمین بابر اعظم (فائل فوٹو)
ویرات کوہلی اور پسِ منظر میں پاکستانی بیٹسمین بابر اعظم (فائل فوٹو)

پاکستان کے صرف بابر اعظم ٹاپ 10 بیٹسمینوں میں شامل ہیں جب کہ کوئی بھی پاکستانی دس بہترین بالرز میں شامل نہیں ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی نئی رینکنگ جاری کردی ہے۔ بلے بازوں میں بھارت کے ویرات کوہلی اور بالرز میں بھارت ہی کے جسپریت بومرہ بدستور پہلے نمبر پر ہیں۔

پاکستان کے صرف بابر اعظم ٹاپ 10 بیٹسمینوں میں شامل ہیں جب کہ کوئی بھی پاکستانی دس بہترین بالرز میں شامل نہیں ہے۔

سری لنکا کو تین۔صفر سے وائٹ واش کے ساتھ ختم ہونے والی نیوزی لینڈ اور سری لنکا کی ایک روزہ سیریز کے بعد جاری ہونے والی رینکنگ میں کیوی اسپنر اش سودھی اور فاسٹ بالر فرگوسن بالترتیب 26 اور 12 درجے بہتری کے بعد مشترکہ طور پر 31 ویں پوزیشن پر آ گئے ہیں۔

سودھی نے سیریز میں آٹھ اور فرگوسن نے سات وکٹیں حاصل کی تھیں۔

سری لنکن بولر لاستھ ملنگا نے بھی اپنی پوزیشن بہتر کی ہے اور تین درجے بہتری کے بعد اب وہ 46 ویں پوزیشن پر ہیں۔

پاکستانی بیٹمین بابر اعظم عبدالحفیظ کے ہمراہ
پاکستانی بیٹمین بابر اعظم عبدالحفیظ کے ہمراہ

بیٹسمین رینگنگ

بیٹسمین کی رینکنگ میں بھارت کے ویرات کوہلی پہلے، بھارت ہی کے روہیت شرما دوسرے، نیوزی لینڈ کے راس ٹیلر تیسرے، انگلینڈ کے جوروٹ چوتھے اور پاکستان کے بابر اعظم پانچویں نمبر پر ہیں۔

آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر چھٹے، جنوبی افریقہ کے فاف ڈوپلیسی ساتویں، ویسٹ انڈیز کے شائی ہوپ آٹھویں، بھارت کے شیکھر دھون نویں اور جنوبی افریقہ کے ڈی کوک دسویں نمبر پر ہیں۔

بالرز رینکنگ

بالرز کی رینکنگ میں بھارتی کے جسپریت بومرہ پہلے، افغانستان کے راشد خان دوسرے، بھارت کے کلدیپ یادیو تیسرے، جنوبی افریقہ کے کگاسو ربادہ چوتھے اور بنگلہ دیش کے مستفیض الرحمان پانچویں نمبر پر ہیں۔

بھارت کے چہل اور انگلینڈ کے عادل راشد برابر ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب چھٹی اور ساتویں پوزیشن پر براجمان ہیں۔

افغانستان کے مجیب زدران ایک درجہ بہتری کے ساتھ آٹھویں، آسٹریلیا کے ہیزل ووڈ ایک درجہ اوپر آکر نویں اور نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ دو درجہ تنزلی کے بعد دسویں نمبر پر ہیں۔

آل راؤنڈرز کی رینکنگ

آل راؤنڈرز میں افغانستان کے راشد خان پہلے، بنگلہ دیش کے شکیب الحسن دوسرے، افغانستان کے محمد نبی تیسرے، پاکستان کے محمد حفیظ چوتھے اور نیوزی لینڈ کے سینٹنر پانچویں نمبر پر ہیں۔

ٹیموں کی رینکنگ

ٹیموں میں انگلینڈ پہلے، بھارت دوسرے، نیوزی لینڈ تیسرے، جنوبی افریقہ چوتھے، پاکستان پانچویں، آسٹریلیا چھٹے، بنگلہ دیش ساتویں، سری لنکا آٹھویں، ویسٹ انڈیز نویں اور افغانستان دسویں نمبر پر ہے۔

XS
SM
MD
LG