رسائی کے لنکس

عالمی مارکیٹ میں پاکستانی بانڈز کی فروخت


آئی ایم ایف سالانہ اجلاس 2016
آئی ایم ایف سالانہ اجلاس 2016

پاکستان نے اپنا آئی ایم ایف کا پروگرام مکمل کرنے کے بعد بین الاقوامی مارکیٹ میں ایک ارب ڈالر مالیت کے سکوک بانڈز فروخت کے لیے پیش کیے، جن کےبارے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ ان کی فروخت بہت کامیاب رہی ۔

2013 میں وزیر اعظم نوازشریف کی حکومت نے ادائیگیوں کے توازن کے مسائل سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی مالیاتی ادارے سے چھ ارب 60 کروڑ ڈالر کا قرضہ لیا تھا۔

مثبت اقتصادی اشاریوں اور چین کی جانب سے بھاری سرمایہ کاری کے بعد پاکستان کے وزیر خزانہ نے کچھ عرصہ پہلے کہا تھا کہ ان کا ملک جلد ہی اس پروگرام کو خیر باد کہہ دے گا۔

ہفتہ کو پاکستان کے سیکرٹری خزانہ ڈاکٹر وقار مسعود خان نے آئی ایم ایف اور عالمی بنک کی سالانہ میٹنگز کے موقع پر الگ سے عالمی بنک کی نائب صدر انیتے ڈکسن سے ملاقات کی اور انہوں نے ڈکسن کو پاکستان کی تاریخ میں کم ترین ریٹس پر سکوک بانڈز کے کامیاب اجرا کے بارے میں بریف کیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ حقیقت کہ آئی ایم ایف کے پروگرام کی تکمیل کے بعد بانڈز کے اجرا اور کامیاب فروخت سےحکومت کی اقتصادی پالیسیوں پر بین الاقوامی اعتماد کا اظہار ہوتا ہے ۔

امریکہ میں پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے جاری ہونے والی ایک پریس ریلیز کے مطابق عالمی بنک کی نائب صدر نے سیکرٹری خزانہ کو آئی ایم ایف کے پروگرام کے مکمل ہونے اور سکوک بانڈ کے کامیاب اجرا پر مبارکباد دی اور پاکستان کے اقتصادی پروگراموں پر اطمینان کا اظہار کیا۔

انیتے ڈکسن نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستانی حکومت معاشرے کے غیر مراعات یافتہ طبقے کی بھلائی کے لیے اصلاحات جاری رکھے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی بنک کو پاکستان کے ترقیاتی پروگرام میں شراکت داری پر فخر ہے۔

XS
SM
MD
LG