دہشت گردی کا مقدمہ خارج کرانے کے لیے عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست
پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اپنے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ خارج کرانے کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رُجوع کر لیا ہے۔
تحریکِ انصاف کے سربراہ نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ اُن کے خلاف مقدمے کو غیر قانونی قرار دے کر خارج کیا جائے۔
خیال رہے کہ عمران خان کے خلاف ریاست کی مدعیت میں انسدادِ دہشت گردی کی دفعات کے تحت تھانہ مارگلہ میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ مقدمے میں کہا گیا تھا کہ عمران خان نے اسلام آباد میں ریلی کے دوران اسلام آباد پولیس کے حکام اور خاتون مجسٹریٹ کو دھمکیاں دیں۔
مقدمے میں کہا گیا تھا کہ عمران خان نے سرکاری افسران کو کام سے روکنے اور اُنہیں دھمکیاں دے کر دہشت زدہ کرنے کی کوشش کی۔