|
ویب ڈیسک — بھارت نے بارڈر-گواسکر ٹرافی کے پہلے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا کو 295 رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں ایک، صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔
بھارت نے آسٹریلیا کو میچ جیتنے کے لیے 534 رنز کا پہاڑ جیسے ہدف دیا تھا، تاہم پوری آسٹریلوی ٹیم 238 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
بھارتی کپتان جسپریت بمرا میچ میں آٹھ وکٹیں حاصل کر کے مین آف دی میچ قرار پائے۔
پرتھ ٹیسٹ کے پہلے روز بھارت کی پوری ٹیم صرف 150 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔ تاہم بھارتی بالرز نے کینگروز کو بھی جکڑے رکھا اور آسٹریلیا کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 104 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
میچ کی دوسری اننگز میں بھارتی بلے بازوں نے شان دار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ اوپنر یشسوی جیسوال 161 رنز بنا کر میچ کے ٹاپ اسکور رہے۔
وراٹ کوہلی نے بھی میچ میں سینچری بنا کر اپنی روٹھی ہوئی فارم بحال کر لی۔ وہ 100 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
دوسری اننگز میں بھارت نے 487 رنز چھ کھلاڑی آؤٹ پر اننگز ڈیکلیئر کر دی۔
جواب میں آسٹریلوی اننگز کا آغاز اچھا نہیں تھا، تیسرے روز کھیل کے اختتام پر صرف 12 رنز پر تین آسٹریلوی کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔
آسٹریلیا کی جانب سے ٹریوس ہیڈ کے علاوہ کوئی بھی بلے باز خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا۔ ٹویوس ہیڈ نے 89 رنز کی اننگز کھیلی۔
چوتھے روز آسٹریلیا کی پوری ٹیم 238 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ چھ دسمبر کو ایڈیلیڈ میں کھیلا جائے گا۔
بھارت اگر سیریز میں چار میچز جیت جاتا ہے تو وہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل تک رسائی حاصل کر لے گا۔