دنیا کی سب سے بڑی طیارہ ساز کمپنی کا کہنا ہے کہ ملک کی فروغ پاتی ہوئی معیشت کے پیشِ نظر بھارت کو آئندہ دو دہائیوں کے دوران 1300سے زائد مسافر طیاروں کی ضرورت پڑے گی۔
بدھ کو امریکہ کی بوئنگ کمپنی نے اپنی ایک پیش گوئی میں کہا ہے کہ بھارت کی تجارتی ایئرلائن کو 2030ء تک 1320طیارے درکار ہوں گے، جن کی مالیت 150بلین ڈالر ہوگی۔
بھارت میں بوئنگ ادارے کے سربراہ، دنیش کیسکر نے کہا ہےکہ بھارتی آبادی میں بڑے پیمانے پر معاشی خوشحالی کے ثمرات کے پیش نظر بھارت کی فضائی مسافت فضائی کارگو مارکیٹ دونوں میں وسعت آئے گی۔
شکاگو میں قائم کمپنی کا کہنا ہے کہ طویل مدت کے دوران بھارتی مسافروں کے سفر کی ضروریات میں سالانہ8.1فی صد اضافہ آئے گا۔
متوقع طور پر اگلے 20برسوں کے دوران بھارت میں مسافروں کی تعداد میں سالانہ 180ملین کا اضافہ ہوگا۔