بھارت میں حکام کا کہناہے کہ ملک کے شمال مشرقی علاقے میں ایک بڑی کشتی الٹنے کے نتیجے میں کم ازکم 40 افراد ہلاک ہوگئے ہیں جب کہ 160 لاپتا ہیں ۔
پولیس کا کہنا ہے کہ پیر کے روز ایک دومنزلہ فیری ریاست آسام کے دریا برہم پترا میں ڈوب گئی ۔ حادثے کےوقت فیری پر تقریباً 350 افراد سوار تھے۔
اطلاعات کے مطابق ضلع دھوبری کے علاقے میں ہونے والے اس حادثے کے بعد اندازاً 150 افراد کو یا تو بچا لیا گیا یا وہ خود تیر کر کنارے پر آنے میں کامیاب ہوگئے۔
یہ حادثہ آسام کے صدر مقام گوہاٹی سے تقریباً 300 کلومیٹر کے فاصلے پر بنگلہ دیش کی سرحد کے قریب پیش آیا۔
پولیس کا کہناہے کہ خراب موسمی حالات کے باعث امدادی کارکنوں کو جن میں بارڈر سیکیورٹی فورس اور فوج کے اہل کار بھی شمال ہیں، اپنا کام جاری رکھنے میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔