رسائی کے لنکس

بھارت اور برما میں تیل اور گیس کی تلاش میں تعاون بڑھانے پر اتفاق


بھارت اور برما میں تیل اور گیس کی تلاش میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
بھارت اور برما میں تیل اور گیس کی تلاش میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

بھارت اوربرما کے راہنماؤں نے دونوں ملکوں کے اقتصادی رشتوں کو مضبوط بنانے اوردوستی کو ایک نئی منزل تک لے جانے کے عزم کا اظہار کیاہے۔

جمعے کے روز نئی دہلی میں برما کے صدر تھین سین اور بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ کے درمیان مذاکرات میں دونوں راہنماؤں نے گیس اور تیل کی تلاش کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

برما کے راہنما نے کہا کہ وہ ملک کے توانائی کے شعبے میں مزید بھارتی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کریں گے ۔ وزیر اعظم من موہن سنگھ نے برما کوملک کے انفراسٹرکچر کے منصوبوں کے لیے 50 کروڑ ڈالر تک کے قرضے کی سہولت کی پیش کش کی۔

بھارت، جس کی برما کے ساتھ 1600 کلومیٹر سرحد مشترک ہے، گذشتہ کئی عشروں سے اپنے اس مشرقی ہمسائے سے قریبی تعلقات بڑھانے کی کوششیں کررہاہے۔

صدر تھین سین کا بھارتی دورہ ایک ایسے موقع پر ہورہاہے جب کہ اسی ہفتے برما نے تقریباً 200 سیاسی قیدیوں کو رہا کیا ہے، جسے اس ملک میں، جہاں عشروں تک فوجی اقتدار قائم رہاہے،سیاسی اصلاحات پر عمل درآمد کے ایک اور قدم کے طورپر دیکھا جارہاہے۔

برما کی فوج نے اس سال مارچ میں اقتدار ایک منتخب سویلین حکومت کو سونپ دیا تھا۔ لیکن ناقدین کا کہناہے کہ نئی حکومت میں ریٹائرڈ فوجی عہدے داروں کا غلبہ ہے۔

XS
SM
MD
LG