بھارتی موٹر ساز کمپنی ٹاٹا موٹرز نے اپنی نینو کار کی پیداوار میں اضافے کے لیے بدھ کے روز گجرات میں ایک نئی فیکٹری کا افتتاح کیا جہاں ہر سال ڈھائی لاکھ کاریں تیار ہوا کریں گی۔
نینو کار کو عوامی کار بھی کہا جاتا ہے۔ اس کی بنیاد ی قیمت تقریباً دو ہزار دو سو ڈالر ہے۔ ٹاٹا نے گذشتہ سال لاٹری سسٹم کے ذریعے ایک لاکھ کاریں فروخت کیں تھیں ، لیکن اب تک صرف 30 ہزار کاریں مالکان تک پہنچ سکی ہیں۔
ٹاٹا کمپنی کو توقع تھی کہ وہ مزید نینوکاریں بناسکے گی لیکن اسے ریاست مغربی بنگال میں کاشت کاروں کے پرتشدد مظاہروں کے بعد سنگور میں تقریباً ایک مکمل شدہ فیکٹری کو بند کرنا پڑا۔
ٹاٹا کا کہنا ہے کہ سناند میں ایک نئی فیکٹری سے تقریباً 10 ہزار افراد کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوسکتے ہیں۔
نینو کار تقریباً تین میٹر لمبی اور دو میٹر سے بھی کم چوڑی ہے۔ اس کے چار دروازے ہیں، پانچ مسافروں کے لیے بیٹھے کی گنجائش ہے اور اس کی زیادہ سے زیادہ رفتار لگ بھگ 105 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔