بھارت کے مرکزی تحقیقاتی ادارے نے معدنیات کی صنعت کی ایک معروف کاروباری شخصیت اور سابق سیاست دان کو گرفتار کرلیا ہے۔
’سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن‘ کے حکام نے جی جنردھنا ریڈی کو پیر کی صبح معدنی ذخائر سے مالا مال ریاست کرناٹک سے حراست میں لیا۔ ریڈی کے ہمراہ ان کے کزن اور ریڈی خاندان کی کان کنی سے متعلق کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر سری نیواس ریڈی کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ دونوں افراد کو ریاست آندھر پردیش میں غیر قانونی کان کنی کے الزام میں حراست میں لیا گیا۔
ٹیلی مواصلات، کھیلوں اور کان کنی کے شعبوں میں گزشتہ ایک برس کے دوران سامنے آنے والے اربوں ڈالرز غبن اور بدعنوانی کے اسکینڈلز نے بھارتی سیاسی افق پر ہلچل پیدا کر رکھی ہے۔
اس سے قبل گزشتہ ماہ 74 سالہ سماجی کارکن انا ہزارے کی جانب سے دو ہفتے طویل بھوک ہڑتال اور عوامی احتجاج کے بعد بھارتی پارلیمان کو انسدادِ بدعنوانی کے سخت تر قانون کی منظوری پر رضامند ہونا پڑا تھا۔