رسائی کے لنکس

ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کو بھارت سے شکست


بسمہ معروف نے اپنے ٹی ٹوئنٹی کیرئر کی پہلی نصف سنچری سکور کی
بسمہ معروف نے اپنے ٹی ٹوئنٹی کیرئر کی پہلی نصف سنچری سکور کی

ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنمنٹ میں کھیلے گئے ایک اہم میچ میں پاکستان کی خواتین کی ٹیم بہتر کارکردگی کے باوجود بھارت سے شکست کھا گئی۔

اس میچ کے ابتدائی اوورز میں پاکستانی ٹیم کا سکور جب 30 رنز پر پہنچا تو اُس کی تین وکٹیں گر چکی تھی۔ اس موقع پر بسمہ معروف اور نڈا ڈار نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 93 رنز کا اضافہ کیا۔ بسمہ اور نڈا ڈار دونوں نے اپنے ٹی ٹوئنٹی کیریئر کی پہلی نصف سنچریاں سکور کیں۔ بسمہ معروف نے 53 اور ندا ڈار نے 52 رنز بنائے۔

ندا ڈار بھی نصف سنچری بنانے کے بعد آؤٹ ہوئیں
ندا ڈار بھی نصف سنچری بنانے کے بعد آؤٹ ہوئیں

تاہم کھیل نے اُس وقت ڈرامائی شکل اختیار کر لی جب ان دونوں کھلاڑیوں نے تیزی سے سکور میں اضافہ کرنے کوشش میں رنز بناتے ہوئے پچ کے درمیان کی ممنوعہ پٹی میں دوڑنا شروع کر دیا۔ اُس وقت امپائر نے دو مرتبہ دونوں کھلاڑیوں کو وارننگ دی اور جب اُنہوں نے تیسری مرتبہ یہ غلطی کی تو امپائروں نے باہمی مشورے سے نہ صرف اُن کا بنایا ہوا رن منسوخ کر دیا بلکہ پینلٹی کے طور پر بھارٹی ٹیم کو پانچ بونس رنز دے دئے۔

ان دونوں کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے پر باقی کھلاڑی رنز بنانے کی رفتار برقرار نہ رکھ سکے اور پاکستانی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹ کے نقصان پر 133 رنز بنا سکی۔ تاہم کھیل کے آخری اوور کی آخری گیند پر سدرہ نواز نے شاٹ کھیل کر تیزی سے بھاگ کر رن بنانے کی کوشش کی۔ تاہم وہ بھی اس کوشش میں پچ کی ممنوعہ پٹی پر دوڑ پڑیں اور یوں امپائر نے یہ رن منسوخ کرتے ہوئے دوسری بار پاکستانی ٹیم پر پانچ رنز کی پینلٹی عائد کر دی۔

کرکٹ ماہرین کا کہنا تھا کہ دوسری پینلٹی دینا سراسر زیادتی تھی کیونکہ اس کیلئے کھلاڑی کو کوئی وارننگ نہیں دی گئی تھی۔

یوں بھارت کو یہ میچ جیتنے کیلئے 134 رنز کا ہدف ملا۔ بھارتی ٹیم نے پینلٹی رن کے بونس کے باعث اپنی اننگ کا آغاز 10 بونس رنز کے ساتھ کیا۔ بھارتی ٹیم نے یہ میچ تجربہ کار بلے باز متھالی راج کی شاندار 56 رنز کی اننگ کی بدولت سات وکٹوں سے جیت لیا۔ متھالی راج کو میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

میچ کے بعد پاکستانی ٹیم کی کپتان جویریا خان نے اعتراف کیا کہ پچ کی ممنوعہ پٹی پر دوڑنے کی غلطی دہرانا اُن کے کھلاڑیوں کی طرف سے غیر مناسب بات تھی جس سے احتراض کیا جانا چاہئیے تھا۔

بھارتی ٹیم کی بلے باز اور سابق کپتان متھالی راج نے بھی اس موقع پر کہا کہ اُن کی ٹیم کو بھی پچ کی ممنوعہ پٹی پر دوڑنے کے سلسلے میں وارننگ دی گئی۔ تاہم خوش قسمتی سے وہ اُس مرحلے تک پہنچنے سے بچ گئے جہاں اُن پر بھی پینلٹی لگائی جاتی۔

خدشہ ہے کہ یہ غلطی کرنے والی پاکستانی بلے بازوں کو میچ ریفری کی طرف سے مزید سزا دی جا سکتی ہے۔

XS
SM
MD
LG