رسائی کے لنکس

بھارت میں ٹرین سے سات ہاتھی ہلاک


مشرقی بھارت میں ایک تیز رفتار ریل گاڑی نے سات ہاتھیوں کو اُس وقت ہلاک کردیا جب ہاتھیوں کا ایک گروہ پٹری پر پھنس جانے والے ہاتھیوں کے دوبچوں کو بچانے کی کوشش کر رہا تھا۔

ہاتھی کے یہ بچے بدھ کی رات گئے ریاست مغربی بنگال کے جلپائیگری ضعلے کے گھنے جنگلوں کے علاقے میں اُس وقت پھنس کر رہ گئے تھے جب وہ گلے کے ساتھ ریلوے لائن پار کر رہے تھے۔

جب بڑے ہاتھی چھوٹوں کی مدد کر رہے تھے اُسی وقت ایک مال گاڑی گروہ سے ٹکرائی۔ عہدے داروں نے کہا ہےکہ پانچ ہاتھی جائے حادثہ پرہی ہلاک ہوگئے جب کہ باقی دو جمعرات کی صبح زخموں کے باعث ہلاک ہوگئے۔

جنگل سے وابستہ عہدے داروں نے بتایا ہے کہ حادثے کے بعد اُنھوں نے ریلوے کے خلاف شکایت درج کر لی ہے۔

اندازاً 25000کی ہاتھیوں کی آبادی میں سے درجن حالیہ برسوں کے دوران ٹرین حادثوں میں ہلاک ہوگئے ہیں، اِن میں سے کچھ تو اِسی علاقے میں تھے جہاں یہ تازہ حادثہ پیش آیا۔

جنگلی حیات سے وابستہ کارکنوں نے ریلوے اہل کاروں پر زور دیا ہے کہ ایسے حادثات سے بچنے کےلیے ریلوں کی آمد و رفت کو کم سے کم رکھیں۔

XS
SM
MD
LG