رسائی کے لنکس

بھارت: سمندری طوفان کے پیش نظر ایک لاکھ افراد کی نقل مکانی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

حکام کا کہنا ہے کہ بہت سے مقامی افراد اپنےگھروں سے منتقل ہونے کے لیے آمادہ نہیں ہیں لیکن کارکن انھیں محفوظ مقامات کی طرف لے جانے کے لیے قائل کر رہے ہیں۔

سمندری طوفان "ہُد ہُد" بھارت کے مشرقی ساحلی علاقوں سے اتوار کو ٹکرائے گا اور اس کے پیش نظر ہفتہ کو یہاں سے تقریباً ایک لاکھ لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا۔

بھارتی محکمہ موسمیات کے مطابق یہ "انتہائی شدت والا سمندری طوفان" ہے جس سے 165 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے اور تقریباً 24.5 سینٹی میٹر (دس انچ) سے زائد بارشوں کا امکان ہے۔

ساحلی ریاست آندرھرا پردیش سے تقریباً ایک لاکھ لوگوں کو عارضی پناہ گاہوں اور ریلیف سینٹرز میں منتقل کیا گیا ہے جب کہ یہاں سے تقریباً تین لاکھ لوگوں کے انخلا کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔

مشرق ہی میں واقع ریاست اوڈیسہ میں حکام کا کہنا ہے کہ وہ بھی صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں اور ضرورت پڑنے پر خطرے والے علاقے سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا جائے گا۔

ساحلی ضلع ویشاکاپٹنم کے اتنظامی عہدیدار این یوبراج نے خبر رساں ایجنسی 'رائٹرز' کو بتایا کہ انھوں نے نشیبی علاقوں سے تقریباً دس ہزار افراد کو منتقل کر دیا ہے جب کہ مزید 14 ہزار کو منتقل کرنے کے انتظامات مکمل ہیں۔

ویشاکاپٹنم آندھراپردیش کا سب سے بڑا شہر ہے اور یہاں بھارتی بحریہ کے کئی بڑے اڈے بھی واقع ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ بہت سے مقامی افراد اپنےگھروں سے منتقل ہونے کے لیے آمادہ نہیں ہیں لیکن کارکن انھیں محفوظ مقامات کی طرف لے جانے کے لیے قائل کر رہے ہیں۔

خلیج بنگال میں سال کے اس حصے میں سمندری طوفان آتے رہتے ہیں جس کی وجہ سے اکثر جانی نقصانات کے علاوہ بڑے پیمانے پر نقل مکانی بھی دیکھنے میں آتی ہے۔

XS
SM
MD
LG