رسائی کے لنکس

بھارت، پاکستان کے سفارتی عہدیداروں کی جمعہ کو اہم ملاقات


سرتاج عزیز
سرتاج عزیز

سرتاج عزیز اور سلمان خورشید کے درمیان ملاقات شنگھائی تعاون تنظیم کے کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں ہونے والے سربراہ اجلاس کے موقع پر ہو گی۔

بھارت اور پاکستان کے اعلیٰ ترین سفارتی عہدیدار دونوں ملکوں کے وزرائے اعظم کی رواں ماہ مجوزہ ملاقات سمیت دوطرفہ اُمور پر جمعہ کو تبادلہ خیال کریں گے۔

پاکستان کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اعزاز احمد چودھری نے جمعرات کو نیوز کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ وزیرِ اعظم کے مشیر برائے اُمور خارجہ و قومی سلامتی سرتاج عزیز اور بھارت کے وزیرِ خارجہ سلمان خورشید کے درمیان ملاقات شنگھائی تعاون تنظیم کے کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں ہونے والے سربراہ اجلاس کے موقع پر ہو گی۔

’’کوئی مخصوص موضوع (ملاقات کے) ایجنڈا میں شامل نہیں۔ دوطرفہ اُمور پر بحیثیت مجموعی تبادلہ خیال کیا جائے گا اور تمام پہلوؤں پر بات چیت ہو گی۔‘‘

وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ دونوں ممالک کے حکام رواں ماہ نیو یارک میں اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر پاکستانی وزیرِ اعظم نواز شریف اور اُن کے بھارتی ہم منصب منموہن سنگھ کے درمیان مجوزہ ملاقات کی تاریخ طے کرنے کے لیے بھی رابطے میں ہیں۔

’’پاکستان کا موقف ہے کہ اگر پاک بھارت وزرائے اعظم کی ملاقات ہوتی ہے تو یہ اُن دوطرفہ اُمور پر تبادلہ خیال کا موقع فراہم کرے گی جو باہمی دلچسپی یا تشویش کا باعث ہیں۔‘‘

مبصرین کی رائے میں کشمیر کو منقسم کرنے والی لائن آف کنٹرول پر بھارت اور پاکستان کی افواج کے مابین حالیہ جھڑپوں کی وجہ سے کشیدگی کے تناظر میں پاک بھارت عہدیداروں کی بشکیک میں ملاقات خاصی اہم ثابت ہو سکتی ہے۔

وزیرِ اعظم نواز شریف جون میں اقتدار سنبھالنے کے بعد سے بھارت کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے اور خصوصاً تجارت و توانائی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے پر زور دیتے آئے ہیں۔
XS
SM
MD
LG