رسائی کے لنکس

بھارت: بابا رام دیو کی دوا سے کرونا کا علاج غیر موثر قرار، پابندی عائد


فائل فوٹو
فائل فوٹو

بھارتی ریاست مہاراشٹر میں یوگا گرو بابا رام دیو کی جانب سے کرونا وائرس کے تجویز کردہ علاج کو غیر موثر قرار دیتے ہوئے اس پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

بھارت میں یوگا گرو کہلائے جانے والے بابا رام دیو 'آیورویدک' جڑی بوٹیوں سے مختلف بیماریوں کا علاج کرنے کے حوالے سے بھی مشہور ہیں۔ وہ جڑی بوٹیوں سے تیار کی جانے والی ادویات کی ایک کمپنی 'پتن جلی' کے بانی بھی ہیں۔ ان کا دعویٰ ہے کہ ان کی ادویات سے مختلف بیماریوں میں مبتلا مریض 100 فی صد ٹھیک ہو جاتے ہیں۔

یہ کمپنی بھارت میں گھریلو علاج معالجے اور ٹوٹکوں کے لیے مقبول ہے۔ گزشتہ منگل کو کمپنی نے دنیا بھر میں پھیلے وبائی مرض کے علاج کے لیے 'کورونل' کے نام سے تیار کردہ ایک دوا کو بہت دھوم دھام سے لانچ کیا تھا۔

اس دوا کی اس قدر تشہیر کی گئی کہ دوا خریدنے والوں کی لائنیں لگ گئیں یہاں تک کہ رش کے باعث سڑکیں تک بلاک ہوگئیں جس کے بعد دارالحکومت نئی دہلی کے ساتھ ساتھ کئی ریاستی حکومتوں نے اس پر شک کا اظہار کیا تھا۔

جمعرات کو ریاست مہاراشٹر کے وزیر انیل دیش مکھ نے ایک ٹوئٹ میں کہا تھا کہ ریاست جعلی ادویات کی فروخت کی کسی کو بھی اجازت نہیں دے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس معاملے میں کیمیائی جانچ پڑتال کے ساتھ ساتھ مکمل تحقیقات کی جائیں گی۔

دوا کو متعارف کرائے جانے کے چند ہی گھنٹوں بعد وفاقی حکومت نے رام دیو کی کمپنی سے 'کورونل' کی ٹیسٹنگ اور اس کے نمونے حکومت کو دیے جانے کی ہدایات جاری کیں۔ ساتھ ہی کمپنی کو وفاقی حکومت کی جانب سے دوا کو منظوری ملنے تک اس کی تشہیر روکنے کی ہدایت کی ہے۔

بھارت میں رام دیو کو وزیراعظم نریندر مودی کے حامی کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔ دوا کو متعارف کرائے جانے کے موقع پر بابا رام دیو نے کہا تھا کہ قدیم آیورویدک اجزا کے استعمال سے قوت مدافعت میں اضافہ ہوتا ہے جس سے وبائی مرض میں 100 فی صد افاقہ ممکن ہے۔

بھارت میں جمعرات تک کرونا ائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 17 ہزار اضافے کے ساتھ 4 لاکھ 73 ہزار 105 ہوگئی تھی جب کہ اس مرض سے اب تک 14 ہزار 894 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ ممبئی ریاست مہاراشٹر کا سب سے زیادہ متاثرہ شہر ہے۔

ریاست میں جمعرات کو 3 ہزار 8 سو 90 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد ریاست میں مریضوں کی کل تعداد 1 لاکھ 42 ہزار 9 سو ہوگئی ہے جب کہ مرنے والوں کی تعداد 6 ہزار 7 سو 39 ہوگئی ہے۔

XS
SM
MD
LG