ممبئی کے ساحل پر بھارت کے جنگی بحری بیڑے‘ آئی این ایس وِندھیاگیری’ کو بچانے کی تمام تر کوششیں ناکام ہوگئ ہیں اور وہ بالآخر ممبئی پورٹ ٹرسٹ اور جواہر لال نہرو پورٹ ٹرسٹ کے نزدیک سمندر میں غرق ہوگیا۔
یہ جہاز اتوار کی شام کو دبئی سے آنے والے ایک کارگو جہاز‘ ایم وی نارڈلیک’ سے ٹکرا گیا تھا۔
پیر کے روز اچانک اِس کے انجن میں آگ لگ گئی تھی جو اتنی بھیانک تھی کہ اُس پر قابو پانے کے لیے کوسٹ گارڈز کی فائر برگیڈ کے علاوہ ممبئی پولیس کی فائربرگیڈ کی خدمات بھی حاصل کی گئیں، لیکن آگ پر قابو نہ پایا جا سکا۔ اِسی دوران، جنگی بحری بیڑہ خطرناک انداز میں ایک طرف جُھک گیا تھا۔
بحریہ کے ایک افسر نے اِس بارے میں نامہ نگاروں کو اطلاع دیتے ہوئے کہاکہ نارڈلیک کو روک لیا گیا ہے اور اُس کے عملےکے خلاف لاپرواہی کا کیس درج کردیا گیا ہے۔عملے سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔
نارڈلیک ، تیل کنٹینروں سے لدا ہوا تھا۔بحریہ کے مطابق، اِس تصادم میں اُسے بھی نقصان پہنچا ہے۔
‘آئی این ایس وِندھیا گیری’ پر بحریہ کے عملے اور اُن کے اہلِ خانہ سوار تھے جِن کو بچا لیا گیا ہے۔ یہ جہاز 3000ٹن وزنی تھا اور اِسے 1981ء میں بحریہ میں شامل کیا گیا تھا۔