رسائی کے لنکس

بھارت میں سمندری لہروں کی قوت سے چلنے والا پہلا بجلی گھر


بھارت میں سمندری لہروں کی قوت سے چلنے والا پہلا بجلی گھر
بھارت میں سمندری لہروں کی قوت سے چلنے والا پہلا بجلی گھر

بھارت کی مغربی ریاست گجرات ایک ایسا بجلی گھر قائم کر رہی ہے جسے چلانے کے لیے سمندری لہروں کی قوت استعمال کی جائے گی۔ ماہرین کا کہناہے کہ یہ اپنی نوعیت کا ملک کا پہلا واحد بجلی گھر ہوگا۔

بجلی گھر کی تعمیر کے لیے اس ہفتے کے شروع میں گجرات کی ریاستی حکومت اور لندن میں قائم اٹلانٹس ریسورس کارپوریشن کے درمیان ایک معاہدے پر دستخط کیے گئے۔ یہ معاہدہ اس مطالعاتی رپورٹ کے بعد عمل میں آیا ہے جس میں کہا گیاتھا کہ مغربی بھارتی ساحل کے ساتھ خلیج کچھ کے علاقے میں سمندری لہروں سے بجلی گھر بنانے کے بڑے پیمانے پر امکانات موجود ہیں۔

اس پلانٹ میں سمندر میں اٹھنے والی طاقت ور لہروں کو ٹربائن چلانے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

ملک میں اپنی نوعیت کے اس پہلے بجلی گھر سے 50 میگا واٹ بجلی پیدا کی جائے گی۔ تاہم بجلی کی پیداور 250 میگاواٹ تک بڑھائی جاسکتی ہے۔

گجرات پاور کارپوریشن کے اس پراجیکٹ سے منسلک عہدے دار راج کمار راج سنگھانی کا کہناہے کہ اس منصوبے کی تکمیل سے ریاست کو کئی فوائد حاصل ہوں گے۔

وہ کہتے ہیں کہ یہ پراجیکٹ ہماری دو طرح سے مدد کرسکتا ہے۔ پہلا یہ کہ فی الحال یہ ٹیکنالوجی ایشیابحرالکاہل ممالک میں موجود نہیں ہے جو اب اس ریاست میں منتقل ہوجائے گی۔ دوسری اہم چیز یہ ہے کہ اس کے ذریعے ہم رات دن بلاروک ٹوک سستی اور ماحول دوست بجلی پیدا کرسکتے ہیں۔

ریاست گجرات کے عہدے داروں کو توقع ہے کہ اس پہلے منصوبے کے بعد ملک کے 1600 کلومیٹر لمبے ساحلی علاقے میں سمندری لہروں کے ذریعے بجلی پیدا کرنے کے کئی اور پلانٹ قائم ہوں گے۔

گجرات بھارت کی سب سے زیادہ صنعتی اور تیزی سے معاشی ترقی حاصل کرتی ہوئی ریاستوں میں سے ایک ہے۔ مگر ملک کے دوسرے حصوں کی طرح اس ریاست میں بھی زیادہ تر بجلی نامیاتی ایندھن کی مدد سے تیار کی جاتی ہے۔

تاہم آنے والے برسوں میں ریاستی حکام سمندری لہروں، ہوا اور سورج کی توانائی سے بجلی بنانے کے پلانٹ قائم کرنے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔ ریاست آئندہ برسوں میں سات ہزار میگاواٹ سے زیادہ بجلی پیدا کرنے کا عزم رکھتی ہے جس میں زیادہ تر حصہ توانائی کے دوبارہ قابل استعمال ذرائع سے حاصل کیا جائے گا۔

بھارت ، آب وہوا کی تبدیلی پر بڑھتی ہوئی عالمی تشویش کے پیش نظر ماحول دوست توانائی کے حصول کی کوششیں کررہاہے جن میں شمسی توانائی کے منصوبے بھی شامل ہیں۔

بھارت گرین ہاؤس گیسیں خارج کرنے والا دنیا کا تیسرا سب سے بڑا ملک ہے۔

دنیا بھر میں سمندری لہروں کے ذریعے پیدا ہونے والی بجلی کا حصہ توانائی کے دوسرے ماحول دوست ذرائع کے مقابلے میں بہت کم ہے۔ تاہم ماہرین کو توقع ہے کہ ماحول دوست توانائی پر بڑھتی ہوئی عالمی توجہ کے نتیجے میں اس کے حصے میں اضافہ ہوگا۔

XS
SM
MD
LG