واشنگٹن میں بھارت کے سفیر ترن جیت سنگھ سندھو نے کہا ہے کہ امریکی دارالحکومت میں بھارت کے ساتھ قریبی تعلقات قائم کرنے کے معاملے پر اتفاق رائے پایا جاتا ہے اور بائیڈن انتظامیہ کے دور میں دونوں ممالک کئی مسائل پر تعاون کو آگے بڑھا سکتے ہیں۔
بھارتی سفیر واشنگٹن ڈی سی کے تھنک ٹینک ہڈسن انسٹیٹیوٹ کے زیر اہتمام ایک آن لائین مباحثے میں میزبان والٹر رسل میڈ کے سوالوں کے جواب دے رہے تھے۔
ترن جیت سنگھ نے کہا ہے کہ ان کا ملک امریکہ سمیت چار ملکوں کے گروپ کواڈ کے ذریعہ باہمی مشاورت اور تعاون کے ساتھ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے کام کر رہا ہے۔ بھارتی سفیر نے کہا کہ روز بروز مزید پیچیدہ ہوتی دنیا میں کوئی بھی ملک اپنے حریفوں کا تنہا مقابلہ نہیں کرسکتا۔ کیونکہ ہمیں ایک جیسے چیلنجز کا سامنا ہے اور ہمیں ان کا حل بھی مل کر نکالنا ہوگا۔
بھارتی سفیر ںے کہا کہ کواڈ فورم نئی دہلی کی انڈو پیسیفک خطے کی پالیسی کے عین مطابق ہے۔
بھارتی سفیر نے مشترکہ تعاون کے حوالے سے خاص طور پر اصولوں پر مبنی عالمی نظام، سمندری راستوں کی آزادی، تنازعات کے پر امن حل، منڈیوں پر مبنی اقتصادیات، سمندری سلامتی، اور دہشت گردی جیسے مسائل کی نشاندہی کی۔
تاہم ترن جیت سنگھ کا کہنا تھا کہ "کواڈ گروپ کسی ملک کے خلاف کام نہیں کر رہا"، بلکہ ان کے بقول، تمام پہلوؤں کو ایک جگہ اکٹھا لا رہا ہے۔
گزشتہ جمعہ 12 مارچ کے روز ہونے والے 'کواڈ' ملکوں کے آن لائین اجلاس میں، امریکی صدر جو بائیڈن، بھارتی وزیر اعظم نریندرا مودی اور جاپان اور آسٹریلیا کے رہنماوں نے شرکت کی تھی۔ اس فورم کو چین کے اثر و نفوذ کا مقابلہ کرنے کے مقصد سے تشکیل دیا گیا ہے۔