مشہور اسٹینڈ اپ کامیڈین اور ریپر منور فاروقی بھارت کے ریئلٹی شو بگ باس کے سیزن 17 کے فاتح قرار پائے ہیں۔
اتوار کی شب بگ باس سیزن 17 کا فائنل ہوا جس میں منور فاروقی کو سب سے زیادہ ووٹ ملے۔ منور فاروقی کو سیزن کے فاتح کا ٹائٹل ملنے کے ساتھ 50 لاکھ بھارتی روپے کا کیش پرائز اور گاڑی بھی دی گئی ہے۔
منور فاروقی کا مقابلہ بھارتی ٹیلی ویژن کی مشہور اداکارہ اور سشانت سنگھ راجپوت کی سابق گرل فرینڈ انکیتا لوکھنڈے، اداکار ابھیشیک کمار، پریانکا چوپڑا کی کزن اداکارہ منارا چوپڑا اور یوٹیوبر ارن سرکانتھ سے تھا۔
بعدازاں ٹاپ ٹو میں منور اور ابھیشیک کے درمیان مقابلہ تھا اور عام عوام کی لائیو ووٹنگ سے منور فاروقی نے ٹرافی اپنے نام کی۔
منور اس سے قبل سال 2022 میں ریئلٹی ٹی وی شو 'لاک اپ' کے بھی فاتح قرار پائے تھے۔ اس شو کی میزبان اداکارہ کنگنا رناوٹ تھیں۔
یاد رہے کہ بگ باس سیزن 17 کا آغاز 15 اکتوبر 2023 کو ہوا تھا جس کے شرکا کی تعداد 17 تھی۔
بگ باس بھارت کے نشریاتی ادارے ’کلرز‘ کا مشہور ریئلٹی شو ہے جس کا آغاز 2006 میں ہوا تھا۔
سن 2010 سے اس شو کی میزبانی اداکار سلمان خان کر رہے ہیں۔ اس شو میں معروف شخصیات کو ایک ہی گھر میں کئی روز رہنا ہوتا ہے۔
بگ باس کا معروف ڈچ ریئلٹی شو 'بگ برادر' کے طرز پر ترتیب دیا گیا ہے۔
منور فاروقی کون ہیں؟
منور فاروقی جنوری 1992 میں گجرات کے شہر جوناگڑھ میں پیدا ہوئے تھے۔
کامیڈین منور فاروقی کا خاندان 2002 کے گجرات فسادات سے بری طرح متاثر ہوا تھا جس کے بعد وہ اپنے خاندان کے باقی افراد ہمراہ ممبئی کے علاقے ڈونگری منتقل ہوئے تھے۔
منور فاروقی 2017 سے اسٹینڈ اپ کامیڈی کر رہے ہیں اور وہ بھارت کے ایک مقبول اسٹینڈ اپ کامیڈین کے طور پر جانے جاتے ہیں۔
ماضی میں انہیں ہندو انتہا پسندوں کی جانب سے سخت تنقید کا سامنا رہا ہے۔
سال 2021 میں انہیں ہندو انتہا پسندوں کی مبینہ دھمکیوں کی وجہ سے بار بار شوز منسوخ کرنا پڑے تھے۔
منور فاروقی کو سال 2021 کے آغاز میں دو جنوری کو اندور پولیس نے دائیں بازو کی تنظیموں کی شکایت پر گرفتار بھی کیا تھا اور انہیں ایک ماہ سے زائد جیل میں رہنا پڑا تھا۔