رسائی کے لنکس

بھارتی فلموں کے سینئر اداکار سعید جعفری انتقال کرگئے


سعید جعفری نے بالی وڈ کی 100 سے زائد فلموں میں کام کیا۔ ’شطرنج کے کھلاڑی‘ ،’چشم بدور‘، ’معصوم‘، ’منڈی‘، ’مشعل‘، ’حنا‘، ’رام تیری گنگا میلی‘، ’رام لکھن‘ اور ’یہ دل لگی‘ شامل ہیں

سینئر بالی ووڈ ایکٹر سعید جعفری 86 سال کی عمر میں لندن میں انتقال کرگئے۔

سعید جعفری کی بھتیجی شاہین اگرووال نے فیس بک پر ان کے انتقال کی خبر دی ہے، لیکن ان کی بیماری یا اس حوالے سے دیگر تفصیلات نہیں بتائیں۔ سعید جعفری کو فلم ’شطرنج کے کھلاڑی‘ میں عمدہ اداکاری پر بہترین معاون اداکار کے ’فلم فئیر ایوارڈ‘ سے نوازا گیا تھا۔

بھارتی چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق 8جنوری 1929ء کو بھارتی پنجاب کے شہر مالر کوٹلہ میں پیدا ہونے والے سعید جعفری نے اداکاری کی دنیا میں قدم رکھا۔ نئی دہلی میں اپنی تھیڑ کمپنی قائم کرکے اس کے کچھ عرصے بعد سعید جعفری نے اپنی فنکارانہ صلاحیتوں کو مزید نکھارنے کے لئے رخ کیا لندن کی رائل اکیڈمی آف ڈرامیٹک آرٹ کا۔

سعید جعفری وہ واحد بھارتی تھے جنہیں ’آرڈر آف دی برٹش ایمپائر‘ کے اعزاز سے نوازا گیا۔ سعید جعفری کو ’مائی بیوٹی فل لانڈیرٹ‘ میں بہترین کردار نگاری کے لئے بافٹا ایوارڈ میں نامز د بھی کیا گیا تھا۔

بھارتی اخبار ’انڈین ایکسپریس‘ کا کہنا ہے کہ سعید جعفری نے بالی وڈ کی 100 سے زائد فلموں میں کام کیا۔ ’شطرنج کے کھلاڑی‘ ، ’چشم بدور‘، ’معصوم‘، ’منڈی‘، ’مشعل‘، ’حنا‘، ’رام تیری گنگا میلی‘، ’رام لکھن‘ اور ’یہ دل لگی‘ شامل ہیں۔

بھارتی فلم انڈسٹری میں اپنے فن کا لوہا منوانے والے سعید جعفری نے ہالی وڈ میں بھی اپنے کام سے ایک الگ پہچان بنائی اور اپنے دور کے نامور ہالی وڈ اداکاروں سین کونری، مائیکل کین، جیمز آئیوری، رچرڈ ایٹن برو اور ڈینئل ڈے لیوس کے مقابل جم کر اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے۔

جن ہالی وڈ فلموں سعید جعفری نے کام کیا ان میں ’دی مین ہو ووڈ بی کنگ‘، ’ڈیتھ آن دانائل‘، ’دی جیول ان دا کراوٴن‘، ’اے پیسج ٹو انڈیا‘، ’مائی بیوٹی فل لانڈیرٹ‘، ’آفٹر مڈ نائٹ‘ اور ’آن ونگز فائر‘ شامل ہیں۔

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے ’ٹوئیٹر‘ پر سعید جعفری کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔ بالی وڈ اداکار رشی کپور اور ڈائریکٹرز شیکھر کپور، مدھر بھنڈارکر اور دیگر اسٹارز نے بھی ٹوئیٹر کے ذریعے سعید جعفری کو خراج عقیدت پیش کیا۔

سعید جعفری نے پہلی شادی اپنی کواسٹار مدھرجعفری سے کی تھی جن سے ان کے تین بچے میرا، سکینہ اور ضیا ہیں۔ سکینہ خود بھی اداکارہ ہیں۔سعیدجعفری اور مدھر جعفری کی 1965ء میں علیحدگی ہوگئی تھی۔ انہوں نے دوسری شادی 1980ء میں کاسٹنگ ڈائریکٹر جینفر سورل سے کی جو مرتے دم تک قائم رہی۔

XS
SM
MD
LG