پاکستانی نژاد بالی ووڈ سنگر، عدنان سمیع جلد بھارتی شہری بن جائیں گے۔ وہ گزشتہ ایک عشرے سے بھارت میں مقیم ہیں، اب جلد انہیں وہاں کی باقاعدہ شہریت بھی مل جائے گی۔
عدنان اب سے پہلے بھی بھارتی شہریت حاصل کرنے کے لئے درخواست دے چکے ہیں۔ تاہم، اسے مسترد کر دیا گیا تھا۔
پاکستان کے انگریزی روزنامے ’دی نیوز‘ نے بھارتی میڈیا کے حوالے سے بتایا ہے کہ اپنی میوزک انڈسٹری کے لئے عدنان سمیع خان کی خدمات کو دیکھتے ہوئے، بھارتی وزارت داخلہ انہیں شہریت دینے پر غور کر رہی ہے۔
عدنان سمیع خان پہلے ہی اپنی پاکستانی شہریت ترک کرچکے ہیں۔ ’ہفنگٹن پوسٹ‘ کے مطابق، عدنان سمیع خان کو 27مئی 2010کوپاکستانی پاسپورٹ جاری کیا گیا تھا، جس کی میعاد 26 مئی2015 کو ختم ہوگئی، جس کی تجدید کے لئے عدنان نے اب تک رجوع نہیں کیا۔ ان کے پاس کینیڈا کی بھی شہریت ہے۔
عدنان مارچ 2001میں پاکستان سے وزٹ ویزا پر بھارت گئے تھے جس کے بعد ان کے ویزے کی مدت میں وقتاً فوقتاً توسیع کی جاتی رہی۔ بھارتی اخبار ’دی ہندو‘ کا کہنا ہے کہ عدنان نے دو سال قبل یعنی2013میں بھی بھارتی شہریت کے لئے درخواست دی تھی جسے مسترد کر دیا گیا تھا۔
عدنان سمیع خان 15اگست1973کولندن میں پیدا ہوئے۔وہ نہ صرف گلوکار ہیں بلکہ اداکاری کرنے کے ساتھ ساتھ موسیقی کے کئی ساز بجانے میں بھی انہیں مہارت حاصل ہے۔
ان کے کریڈیٹ پر بہت سے ہٹ گانے ہیں جن میں ’مجھ کوبھی تو لفٹ کرادے‘ سرفہرست ہے۔ اسی گانے نے انہیں راتوں رات شہرت کی بلندیوں پر پہنچا یا۔ اسی گانے کی ویڈیو اورمیوزک نے دنیا کو ایک نئے انداز سے بھی متعارف کرایا ۔
عدنان نے 1995میں سید نور کی ڈائریکشن میں بنی پاکستانی میوزیکل فلم’سرگم ‘ میں بھی کام کیا تھا جس میں ان کی ہیروئن زیبا بختیار تھیں۔’سرگم‘ کے گانوں نے مقبولیت کے نئے ریکارڈ قائم کئے۔یہ پہلی اورآخری پاکستانی فلم تھی جس میں عدنان نے اداکاری کی۔
مایہ ناز سنگر آشا بھوسلے کے ساتھ عدنان نے ’سرگم‘ کے نام سے ہی ایک البم بھی ریلیز کیا تھا، جس نے ہر جگہ دھوم مچا دی تھی۔
عدنان نے زیبا بختیار سے شادی کی جو تین سال چلی اس کے بعد دونوں میں علیحدگی ہوگئی۔ دونوں کا ایک بیٹا اذان ہے جو زیبا بختیار کے ساتھ پاکستان میں مقیم اور ڈائریکشن و پروڈکشن سے وابستہ ہیں۔